میٹرو بس روٹ پر پودے لگانے کا عمل جاری ہے ‘ کوثر خان

میٹرو بس روٹ پر پودے لگانے کا عمل جاری ہے ‘ کوثر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(سپیشل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان محترمہ کوثر خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے میٹرو بس روٹ کی لینڈ سکیننگ اور شہر کی گرین بیلٹس کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے پی ایچ اے کو 5 ٹریکٹرز اورٹینکرز خریدنے کی اجازت دے دی ہے۔ میٹرو بس روٹ پر پودے لگانے کا عمل جاری (بقیہ نمبر7صفحہ12پر )
ہے اور اب تک فلائی اوور کے 18سپین میں ماحول کو بہتر بنا نے والے پودے لگا دئیے گئے ہیں جبکہ 40سپین میں مٹی کی بھرائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔یہ بات اُنہوں نے میٹرو بس روٹ پر جاری شجرکاری کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری نصیر احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محترمہ کوثر خان نے بتایاکہ نئے خریدے جانے والے ٹریکٹرز اور ٹینکرز سے پی ایچ اے کے پاس ٹریکٹرز اورٹینکرز کی تعداد 9 ہو جائے گی اس سے ملتان کی شاہراہوں کو سرسبز و شاداب بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ دو مزید ٹربائن لگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ میٹرو بس روٹ پر میٹرو بس انتظامیہ جو جگہ پی ایچ اے کے حوالے کر رہی ہے وہاں مٹی کی بھرائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ میٹرو بس روٹ پر نادرن بائی پاس چوک، خیام سینما چوک اور وہاڑی چوک پر آئی لینڈرز اور گرین بیلٹس قائم کی جائیں گی اور دولت گیٹ چوک پر دو راؤنڈ اباؤٹ تعمیر کئے جائیں گے۔ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ میٹرو بس روٹ پر ماحول کو تبدیل کرنے والے خوبصورت اور جاذب نظر پودے لگانے کے علاوہ کیرج وے کے اطراف میں بلڈنگز کے ساتھ درمیانے قد کے گھنے درختوں میں بدلنے والے پودوں کی شجرکاری بھی جاری ہے اور اب تک بکائین اور سُکھ چین کے 100 پودے لگائے گئے ہیں اور چھوٹے پودوں کی حفاظت کیلئے 55 ٹری گارڈ بھی نصب کئے گئے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے سامنے میٹرو بس ٹریک کے آغاز پر فوارے کی دوسری سٹیج بھی مکمل کر لی گئی ہے اور اب اسے خوبصورت بنانے کیلئے پودے لگانے کا کام جاری ہے جسے دو یوم میں مکمل کر لیا جائے گا۔