امام خمینی ؒ نے ملت اسلامیہ کو بیداری کا پیغام دیا ،علامہ جواد نقوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک بیداری امت مصطفیٰ ﷺ کے تحت امام خمینی ؒ کی 27ویں برسی کی مناسبت سے نشتر پارک میں منعقدہ مرکزی جلسے سے خطاب کے دوران علامہ جواد نقوی نے کہا کہ امام خمینی نے مسلم امہ کو بیداری کا پیغام دیااور سامراجی سازشوں سے آگاہ کر کے ان نقصانات سے آگاہ کیا جو اختلاف اور انتشار کی وجہ سے مسلمانوں کو پہنچ رہا ہے آپ نے اسلام دشمن قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور دنیا کو واضح کیا کہ مسلمان وہ عظیم قوم ہیں جو مشرق و مغرب نہیں بلکہ سپر پاور اپنے پروردگار کو سمجھتی ہے ۔کیونکہ اپنے آپ کو سپر پاور کہلانے والوں نے دنیا کے مظلوم و محروم مسلمانوں کو نقصانات اور تکالیف کے سوا کچھ نہیں دیا بلکہ انسانوں کے حقوق کو پامال کیا لیکن الحمداللہ آج مسلمان بیدار ہیں اور اپنے اچھے اور برے کی تمیز شناخت کررہے ہیں ،اجتماع سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور امام خمینیؒ کی عظیم اور فکری شخصیت پر روشنی ڈالی ،جبکہ جلسے میں کراچی اور سندھ کے مختلف اضلاع سے قافلوں نے بھرپور شرکت کی اور ظلم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امریکہ و روس کے خلاف سخت نعرے لگائے ۔