کل بقاء کیلئے متحد ہونا ہے تو آج لڑائی سے بچنا ہوگاآفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے آج شہر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقاتیں کیں ۔وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ دو دہائیوں میں مہاجر قوم کا جو ناقابل تلافی نقصان ہوا اسکی تلافی ممکن نظر نہیں آتی لیکن دانشمندانہ فیصلے کرکے قوم کو مزید تباہی سے ضرور بچایا جاسکتا ہے۔چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت مہاجروں کو تقسیم در تقسیم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں،بہت ادب سے اپنے بزرگوں سے کہتا ہوں کہ انہوں نے خاموشی اختیار کرکے اپنی عزتیں تو بچالیں لیکن قوم کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا۔انہیں اپنی آنے والی نسلوں کیلئے جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا،وہ مہاجر نوجوانوں کو بے لگام نہ چھوڑیں بلکہ انہیں منفی سرگرمیوں اور انتشار سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔آفاق احمد نے کہاکہ بزرگ ہماری دانش اور غرور جبکہ نوجوان قوم کی طاقت ہیں جسے ہم بکھرنے نہیں دیں گے ۔آفاق احمد نے کہا کہ آنے والا وقت مہاجر قوم کے امتحان کا وقت ہے ،ہمیں اپنے بچوں کا مستقبل عزیز ہے تو پوری قوم کو کاندھے سے کاندھا ملا کربقاء کی جدوجہد کرنی ہوگی،جب بقاء کیلئے متحد ہونے کے سوا کوئی چارہ نہیں تو پھر آج آپس میں لڑائی سے بچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت الزام تراشی اور لاشوں کی سیاست کا نہیں ہے ،ہمیں ہر فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے کیونکہ اب غلطیوں کی کوئی گنجائش نہیں بچی ہے۔