پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے: وزیر اعلیٰ سندھ

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے: وزیر اعلیٰ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حیدرآباد (بیورو رپورٹ ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری اور چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے عوامی فلاح والے منصوبوں کو اپنے دور حکومت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک منتقل کیے جا سکیں ۔ وہ اتوار کو دھابیجی ضلع ٹھٹہ میں ڈیول کیریج وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ٹھٹہ اور کراچی بلکہ گرد و نواح کے علاقے کے لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا اور علاقے میں معاشی ترقی کا عمل تیز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ضلع ٹھٹہ کے لوگوں کو اپنی زرعی پیدا وار اور دیگر کاروباری سامان کراچی تک پہنچانے میں بڑی آسانی ہوگی اور اس سے نہ صرف حادثات میں کمی واقع ہوگی بلکہ مسافت بھی کم ہو جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو بعد میں تھر اور اسلام کوٹ تک پہنچایا جائیگا جس سے مستقبل میں تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے میں کافی مدد مل سکے گی ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے حیدرآباد میر پور خاص ڈیو ل کیریج وے تعمیر کیا گیا اور اسی طرح جھرک ملا کاتیار پل جوکہ پاکستان کا سب سے بڑا پل ہے جس کی لمبائی 1.7کلو میٹر ہے وہ مکمل طور پر سندھ حکومت اپنے وسائل سے تعمیر کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ترقی کا یہ عمل پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ پی پی پی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور آج کے اس منصوبے کا افتتاح در حقیقت سندھ حکومت کا عوام کیلئے ایک تحفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حیدرآباد میر پور خاص روڈ بہترین طریقے سے بنایا گیا ہے اسی طرح اس منصوبے کو بھی مثالی منصوبہ بنایا جائیگا جس پر 9.9ارب روپے کی لاگت آئیگی جس پر 70فیصد پرائیویٹ سیکٹر کا شیئر ہوگا اور بقیہ 30فیصد میں حکومت سندھ اور ایف ڈبلیو او کا حصہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تعمیر کا دورانیہ دو سال کا تھا جس پر ہم نے ایف ڈبلیو او کو کہا کہ وہ اس منصوبے کو ایک سال کی مدت میں مکمل کرے تاکہ اس کے ثمرات عوام تک جلد از جلد منتقل ہو سکیں ۔ اس موقع پر وزیر خزانہ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی پی پی نے آج ایک اور سنگ میل ابور کیا ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو جاری رکھتے ہوئے کراچی اور ٹھٹہ کے عوام کو ایک اور بڑا تحفہ دیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کی معاشی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ شروع کیے جانے والے اس منصوبے میں پہلی مرتبہ اسلامی فائنانسنگ کے تحت قرض لیا گیا ہے اور اس قرض کو اس منصوبے کی اس منصوبے کے ذریعے ہی ادائیگی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے ہمیں یہ وزن دیا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت زیادہ سے زیادہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ضلع ٹھٹہ میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور کہا کہ جلد کینجھر جھیل رزورٹ کا توسیعی منصوبہ شروع کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت سندھ جلد کراچی کے لوگوں کی پانی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کے 4منصوبے پر ایف ڈبلیو او کے ساتھ کام کریگی ۔ قبل ازیں ایف ڈبلیو او کے سربراہ میجر جنرل افضل نے بھی خطاب کیا اور منصوبے سے متعلق تفصیلات بتائیں ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈولپمینٹ محمد وسیم ، سیکریٹری فائنانس سہیل راجپوت ، سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز اور اطلاعات اعجاز میمن ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔