محمد علی کی میت آبائی علاقہ میں پہنچا دی گئی،جمعہ کوجنازہ ا ور تدفین ہو گی،ہزاروں افراد کی شرکت کا امکان

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن محمد علی کی میت ان کے آبائی علاقے لوئی ول پہنچا دی گئی جہاں جمعہ کو ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس میں خاندانی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جمعہ کو ان کا بہت بڑا جنازہ منعقد کیا جائے گا تاکہ ’دنیا بھر کے لوگ انہیں خداحافظ کہہ سکیں۔
تفصیلات کے مطابق عظیم ترین باکسر محمد علی کا جسد خاکی ریاست کنیٹکی میں واقع ان کے آبائی علاقہ لوئی ول پہنچا دیا گیا ہے جہاں دنیا بھر سے آنے والے ممکنہ طور پر ہزاروں افراد کی موجودگی میں ان کو سپرد خاک کیا جائے گا۔
بی بی سی کے مطابق محمد علی کے خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال نامعلوم قدرتی وجوہات سے ہونے والے سیپٹک شاک سے ہوا، سیپٹک شاک میں مریض کا بلڈ پریشر کسی انفیکشن کے باعث خطرناک حد تک گر جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محمد علی کے تابوت کو ایک بڑے قافلے کی صورت میں ایئر پورٹ سے لوئی ول کے اسلامی سینٹر لایا گیاجہاں منعقد ہونے والی دعائیہ تقریب میں مسلمان، مسیحی، یہودیوں سمیت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
محمد علی کے خاندان کے ترجمان باب گنیل نے کہا کہ ’وہ ساری دنیا کے شہری تھے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ان کے جنازے میں شرکت کر سکیں۔‘