مٹھائی کی دکان پر ایک لاکھ بھتہ کی پرچی پہنچا دی گئی

کراچی (صباح نیوز)رمضان المبارک قریب آتے ہی کراچی میں بھتہ خور ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ، ملیر سعود آباد میں مٹھائی کی دکان پر ایک لاکھ روپے بھتہ کی پرچی پہنچ گئی ، رقم نہ دینے پر سر میں گولی مارنے کی دھمکی بھی دے دی ۔
شہر قائد میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی بھتہ خوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ بھتہ خور نے تاجر سے کہا ہے کہ مٹھائی کے ڈبے میں ایک لاکھ روپے رکھ کر نیو کراچی میں سندھی ہوٹل کے قریب پہنچا دیئے جائیں ۔ اگر ہوشیاری کی تو سر میں گولی مار دی جائے گی ۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اعتراف کیا ہے کہ رمضان میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے بھتہ خوری کی روک تھام کیلئے پولیس کارروائیاں کر رہی ہے ۔ تاجر کو بھتہ کی پرچی ملنے کے بعد بیکری کے مالک نے سعود آباد پولیس کو درخواست جمع کرا دی لیکن متعلقہ پولیس نے اس معاملے میں ابھی کسی بھی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔