ملک کو دو بھائیوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، فضل الرحمان عالم نہیں ، الیکشن کمیشن اور نادرا میں دو نمبرلوگ بیٹھے ہیں: عمران خان

پلندری(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو دو بھائیوں نے یرغمال بنا رکھا ہے ۔ ایک جہاں جاتا ہے بادشاہوں کی طرح اعلانات کرتا ہے دوسرا وزیراعلیٰ ہے جس نے تما م فنڈ اپنے پاس رکھے ہیں وہ کسی کی سنتا ہی نہیں۔ اس لئے اب تک بلدیاتی نمائندوں کو کوئی اختیارات نہیں دیئے گئے۔
آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب پولیس میں سیاسی بھرتیاں کر کے پولیس کو تباہ کر دیا ہے۔ کوئی بھی شخص خیبر پی کے اور پنجاب پولیس میں موازنہ کر کے دیکھ لے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بک چکا ہے یہاں دو نمبر لوگ بیٹھے ہیں۔ نادرا میں جائیں وہاں بھی ایسے ہی لوگ بیٹھے ہیں ان کی قیمتیں لگ چکی ہیں۔ملک میں کرپٹ لوگوں نے اپنا مافیا بنا لیا ہے۔ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا جا رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ میں علما کی بڑی عزت کرتا ہوں۔مولانا فضل الرحمان عالم نہیں ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔اس کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی ضرورت نہیں ۔میں اس کو عالم نہیں سمجھتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد بجلی کی قیمت 80فیصد بڑھ گئی لیکن لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوسکی۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو اپنی حالت بدلنے کیلئے خود کوشش کرنا ہوگی۔آزادی کی جنگ لڑنے والا کبھی نہیں مرتا۔غلامی قبول کرنے والوں کو کوئی یاد نہیں رکھتا ان کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔آزادی کی جنگ لڑنے والے نیلسن مینڈیلا اور محمد علی کی خدمات کودنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ابھی تک آزاد نہیں ہوئے۔عوام الیکشن میںنظریے کو ووٹ دیں کسی رشتے دار کو ووٹ نہ دیں۔