پیٹوں کے ذریعے دھماکے کا خدشہ:پھلوں کے بادشاہ آم کا سندھ سیکرٹریٹ میں داخلہ ممنوع

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ سیکرٹریٹ میں پھلوں کے بادشاہ ”آم“ کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس بارے میں معلوم ہوا ہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق اس سیزن میں وزرا اور افسروں کو بڑے تعداد میں آم تحفے کی شکل میں بھیجے جاتے ہیں ۔ اس بات کا خدشہ پایا جاتا ہے کہ آموں کی پیٹیوں میں کوئی بم رکھ کر سندھ سیکرٹریٹ میں دھماکہ کیا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ سابق صدر جنرل ضیاالحق کا طیارہ 17اگست 1988کو بہاولپور کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا تھا ۔ اس جہازمیں بھی آموں کی پیٹیاں رکھی گئی تھیں ۔امکان ظاہر کیا جاتا ہے کہ ان پیٹیوں میں بم یا کوئی گیس تھی جس کی وجہ سے یہ طیارہ حادثے کا شکار ہوا ۔ اس حادثے میں صدر ضیا الحق ، امریکی سفیر سمیت پاکستانی فوج کی اعلیٰ قیادت جاں بحق ہوئی تھی۔