اورنج ٹرین کیس ،ہائی کورٹ کا لوکل کمشن 3ماہ بعد بھی رپورٹ دینے میں ناکام

لاہور(نامہ نگار خصوصی )اورنج ٹرین منصوبے کے لئے11 تاریخی عمارتوں کی حدود میں تعمیرات کے خلاف حکم امتناعی کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر قائم لوکل کمیشن تین ماہ گزرنے کے باوجود رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش نہ کرا سکا۔ مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ اور مسٹر جسٹس شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے 22فروری کو سول سوسائٹی کی توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی لوکل کمیشن مقرر کیا تھا، عدالت نے سیکرٹری سپریم کورٹ بار اسد منظور بٹ اور سابق سیکرٹری ہائیکورٹ بار بیرسٹر احمد قیوم پر مشتمل دو لوکل کمیشن قائم کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے گیارہ تاریخی عمارتوں کی حدود میں تعمیرات کیخلاف حکم امتناعی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر رپورٹ مرتب کر کے عدالت میں جمع کرائی جائے تاہم تین ماہ گزارنے کے باوجود لوکل کمیشن کی رپورٹ عدالت میں داخل نہیں کرائی جا سکی۔ سیکرٹری سپریم کورٹ بار اسد منظور بٹ کا کہنا ہے کہ لوکل کمیشن کی رپورٹ تکمیل کے مراحل میں ہے۔ جلد ہی ہائیکورٹ میںداخل کرا دی جائے گی۔