جسٹس منصور علی شاہ لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس نامزد

لاہور(نامہ نگار خصوصی )جوڈیشل کمیشن نے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کو لاہور ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس نامزد کردیا ہے جبکہ موجود چیف جسٹس مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا جارہا ہے۔چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں ہونے والے جوڈیشل کمشن کے اجلاس میں اس سلسلے میں سفارشات مرتب کرکے پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دی گئی ہیں۔مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن اورمسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ دونوں 15ستمبر2009ءکو لاہور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے تاہم مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن عمر میں مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ سے دو سال بڑے ہونے کی بنیاد پر لاہور ہائی کورٹ کے ججوں کی سنیارٹی لسٹ میں پہلے نمبر پر ہیں۔مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے 6نومبر2015ءکو لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف اٹھایا تھا۔