سینے کی جلن سے نجات کے آسان طریقے

بریڈفورڈ (نیوزڈیسک ) سینے میں جلن ایک ایسی تکلیف ہے، جس کا ہر بالغ مرد و عورت کو زندگی کے کسی حصے میں ضرور سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سینے کی جلن میں تیزابیت حلق تک پہنچ جاتی ہے، جو انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوتی ہے۔ سینے کی جلن کا سبب معدے کی خرابی یعنی اس میں تیزابیت کا ہونا ہے۔ ایسی صورت میں غذا متناسب طریقے سے ہضم ہونے کے بجائے تیزابیت کی شکل میں دوبارہ غذا کی نالی میں پہنچ جاتی ہے، جو پھر سینے میں شدید جلن کا باعث بنتی ہے۔ معدے کے امراض کے لئے آج مارکیٹ میں سینکڑوں ادویات دستیاب ہیں لیکن یہاں ہم آپ کو سینے کی جلن کے علاج کے لئے قدرتی ٹوٹکوں سے روشناس کروائیں گے۔
کوار گندل (ایلوویرا) کا رس: کوار گندل ایک ایسا پودا ہے، جسے عام طور پر جسم کے کسی جلے ہوئے حصہ پر آرام کے لئے لگایا جاتا ہے لیکن اس کا حیران کن فائدہ سینے کی جلن کا علاج بھی ہے۔ کوار گندل کا جوس تیزابیت سے بھرپور معدے کو آرام پہنچاتا ہے تو نتیجتاً سینے کی جلن ختم ہو جاتی ہے۔ سینے میں جلن کی صورت میں کوارگندل کے رس کا آدھا کپ پینے سے آپ فوری سکون محسوس کریں گے۔ واضح رہے کہ مرض کی مستقل شکایت کی صورت میں کوار گندل کے رس کا آدھا کپ کھانے سے پہلے پیا جائے۔
چیونگم: ڈینٹل ریسرچ جریدے کی ایک تحقیق کے مطابق وہ لوگ جو سینے کی جلن، گیس اور بدہضمی جیسے مسائل کا شکار ہوتے ہیں، انہیں کھانے کے بعد تقریباً 30منٹ تک شوگرفری چیونگم (پودینے والی) چبانی چاہیے، یہ مشق انہیں مذکورہ بالا مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔
سوتے وقت سر کو اونچا رکھیں: سینے کی جلن کا مسئلہ رات کے وقت بالخصوص شدت اختیار کر لیتا ہے کیوں کہ لیٹے ہوئے آپ کا معدہ ہضم ہونے والی خوراک سے پیدا ہونے والی گیس اور تیزابیت کو دوبارہ غذا کی نالی کی طرف باآسانی چڑھا دیتا ہے۔ تو سینے کی جلن کے مسئلہ کا شکار افراد رات کو سوتے وقت اپنے سر کو تقریباً 6انچ اوپر رکھ کر سوئیں۔
آپ کیا، کس طرح اور کب کھا رہے ہیں؟: کوئی بھی چیز کھاتے وقت چھوٹے چھوٹے لقمے لیں اور پھر انہیں اچھی طرح چبائیں تاکہ معدہ اس کو باآسانی ہضم کر لے۔ ایسڈ سے بھرپور غذاﺅں یعنی ٹماٹر وغیرہ سے پرہیز کیا جائے۔ سونے سے پہلے کھانا نہیں کھانا چاہیے بلکہ بیڈ پر لیٹنے سے تقریباً تین سے چار گھنٹے قبل کھانا کھایا جائے۔
کیلے اور سیب کا استعمال: کیلا قدرتی طور پر اینٹی ایسڈ سے بھرپور ہوتا ہے، لہذا سینے کی جلن کا شکار افراد روزانہ باقاعدگی سے کیلے کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ روزانہ ایک سیب کے استعمال سے بھی وہی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں جو کیلا کھانے سے حاصل ہوتے ہیں۔
ادرک کی چائے: ادرک کی چائے معدے کے بہت ساری خرابیوں کو دور کر سکتی ہے، جن میں ایک سینے کی جلن بھی ہے۔
تنگ کپڑوں سے اجتناب: کمر اور پیٹ والے حصے پر تنگ کپڑے پہننے سے سینے کی جلن میں شدت آ سکتی ہے۔ تنگ کپڑوں میں خاص طور پر جینز کی پینٹ آجاتی ہے کیوں کہ جیسے ہی آپ بیٹھتے ہیں پیٹ کس جاتا ہے اور معدہ ڈسٹرب ہو کر گیس غذا کی نالی کی طرف دھکیلنا شروع کر دیتا ہے۔
سگریٹ اور مے نوشی: سگریٹ اور مے نوشی سینے کی جلن کا باعث ہے۔ نیکوٹین اور الکوحل معدے کو کمزور کر دیتی ہے، جس سے وہ درست طریقے سے کام نہیں کرتا اور پھر سینے میں جلن جیسے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ لہذا سگریٹ اور مے نوشی کو ترک کے صاف پانی کا استعمال بڑھایا جائے۔
ان ٹوٹکوں کے علاوہ وزن کو برقرار رکھتے ہوئے مسٹرڈ، بادام کے سنیکس اور بابونہ کے استعمال سے بھی سینے کی جلن کا علاج کیا جا سکتا ہے۔