صاف پانی تو ملا نہیں شہبازشریف کا ٹبر خزانے کی صفائی ضرور کر گیا ،بھارتی آبی جارحیت کا واحد جواب کالاباغ ڈیم ہے: پرویزالٰہی

06 جون 2018 (01:50)

گجرات(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ صاف پانی تو ملا نہیں لیکن شہبازشریف کا ٹبر صوبائی خزانے کی صفائی ضرور کر گیا ہے، بھارت کی آبی جارحیت کا واحد جواب کالا باغ ڈیم کی تعمیر ہے،شہبازشریف کی حکومت ختم ہوتے ہی ان کی کرپشن کے پول کھل گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گجرات میں تقریب سےخطاب کر تے ہوئے  چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان واحد ایسا ملک ہے جس کا کھربوں ڈالر کا پانی ذخیرہ کرنے کی بجائے سمندر میں جا کر ضائع ہو رہا ہے اور ہم کالاباغ ڈیم نہیں بنا رہے جو کہ پاکستان کو سرسبز بنانے، سستی بجلی اور وافر پانی کی فراہمی کا ضامن ہے، کالا باغ  ڈیم سے نہ صرف تین روپے فی یونٹ سے بھی کم قیمت میں بجلی ملے گی بلکہ تھر اور چولستان کے بنجر علاقے لہلہاتے کھیتوں میں تبدیل ہو جائیں گے، ڈیم کی تعمیر سے چاروں صوبوں کو فائدہ ہو گا اور آبپاشی کیلئے سب سے زیادہ پانی صوبہ سندھ کو ملے گااور  سیلاب سے ملک بھر میں ہونے والی تباہی سے بھی نجات ملے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہاکہ شہبازشریف کی حکومت ختم ہوتے ہی ان کی کرپشن کے پول کھل گئے، انہوں نے قومی خزانے کو اپنی مرضی سے خرچ کیا ہے حساب تو دینا پڑے گا، صاف پانی کے نام پر چار ارب روپے خرچ کر دئیے مگر پانی پھر بھی نہ ملا، نیب نے شہبازشریف کے میگا پراجیکٹس میں کرپشن کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں اور ’’خادم اعلیٰ‘‘ کی مزید تفتیش سے بہت کچھ سامنے آنے والا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کسان خوشحال ہے تو پاکستان خوشحال ہے، کسان کی ترقی پاکستان مسلم لیگ سے منسلک ہے اور ہمارا نشان ٹریکٹر پاکستان کی خوشحالی کا نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں کالاباغ ڈیم بنانے کا تاریخی کارنامہ سرانجام دیں کیونکہ ملک کو اس وقت کالا باغ ڈیم کی اشد ضرورت ہے۔

مزیدخبریں