فلم انڈسٹری کے نامور موسیقار کمال احمدکی 25 برسی آج منائی جائے گی

فلم انڈسٹری کے نامور موسیقار کمال احمدکی 25 برسی آج منائی جائے گی

لاہور (فلم رپورٹر) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور موسیقار کمال احمدکی 25 برسی آج منائی جائے گی ۔کمال احمد 1937ء میں متحدہ ہندوستان کے شہر گوڑ گانواں (یوپی) میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتداہی سے انہیں موسیقی سے شغف تھا۔ ان کو سب سے پہلے فلم ’’شہنشاہ جہانگیر‘‘ میں موسیقی دینے کا موقع ملا تاہم ان کی فنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار اس وقت ہو جب انھوں نے فلم دیا اور طوفان کی موسیقی ترتیب دی۔کمال احمد نے ’’دیا اور طوفان‘‘ کے بعد بہت سی دیگر فلموں میں موسیقی کا جادو جگایا جن میں’’ رنگیلا‘‘، ’’دل اور دنیا‘‘،’’ تیرے میرے سپنے‘‘،’’ دولت اور دنیا‘‘،’’ راول‘‘، ’’بشیرا‘‘، ’’وعدہ‘‘، ’’سلسلہ پیار دا‘‘،’’ دلہن ایک رات کی‘‘، ’’کندن‘‘،’’ محبت اور مہنگائی‘‘،’’ عشق عشق‘‘، ’’مٹھی بھر چاول‘‘، ’’عشق نچاوے گلی گلی‘‘، ’’سنگرام‘‘،’’ ان داتا‘‘ اور متعدد فلمیں شامل ہیں۔ انہوں نے اپنی بہترین موسیقی پر 6 فلموں’’ عشق نچاوے گلی گلی‘‘، ’’میں جینے نہیں دوں گی‘‘، ’’کندن‘‘، ’’آسمان‘‘، ’’آندھی‘‘ اور’’ آج کا دور ‘‘میں نگار ایوارڈ بھی حاصل کئے۔کمال احمد 6 جون 1993ء کولاہور میں وفات پاگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

مزید : کلچر