اپنے چچااور استاد نصرت فتح علی خاں کا جانشین ہوں،راحت فتح علی خاں
لاہور(فلم رپورٹر)معروف گلوکار راحت فتح علی خاں کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کی قوالیاں گانے کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔اپنے ایک بیان میں راحت فتح علی خاں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خاں کے جانشین ہیں اور انھوں نے ہی ان کی پرورش کی ہے۔انھوں نے بتایا کہ ان کے والد استاد فرخ فتح علی خاں اور استاد نصرت فتح علی خاں ان کے دادا فتح علی خان کا کلام گاتے تھے، گھر کے دوسرے افراد بھی ان کا کلام گاتے رہے ہیں اور اس میں کوئی اجازت والی بات نہیں رہی۔راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ان کے گھرانے میں قوالی اور صوفیانہ کلام کی میراث 600 برس سے زیادہ پرانی ہے، ان کا گھرانہ ایک خاندان کی طرح ہے اور ان کی سب چیزیں سانجھی ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان کی صاحبزادی ندا نصرت نے اعلان کیا تھا کہ وہ بغیر اجازت اپنے والد کے گیت گانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔