ڈی جی ٹی او کا بوگس تنظیموں کی رکنیت ختم کرنے کا اقدام خوش آئند‘بی ایم پی
لاہور(کامرس رپورٹر) بزنس مین پینل نے کہا ہے کہ ریگولیٹر ٹریڈ آرگنا ئزیشن کا ٹریڈ آرگنائزیشن سیکشن ۷ کے تحت آل پاکستان ایلومینیم یوٹینسلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رکنیت سازی ختم کرنے کا اقدام خوش آئند ہے جس کے بعد یہ تنظیم قانونی طور پر نہ تو حکومت سے مراعات وصول کر سکے گی اور نہ ہی اپنا نام دوبارہ استعمال کر سکے گی۔ بزنس مین پینل کے ترجمان احمد جواد نے کہا کہ ایسی ٹریڈ باڈیز جو ٹریڈ ایکٹ کے خلاف کام کر رہی ہیں اور انکے قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اترتیں انکو رکنیت سازی کا کوئی حق نہیں۔ ڈی جی ٹی او کو مزید ایسے اداروں کی سکروٹنی کرنی چاہیے جو صرف فائلوں میں زندہ ہیں اور حقیقت سے انکا کوئی تعلق نہیں صرف وہ ٹریڈ باڈیز رجسٹرڈ ہوں جو ٹریڈ ایکٹ پر پورا اترتی ہوں۔ احمد جواد نے کہا کہ سکروٹنی کا عمل تیز اور مزید شفاف کیا جائے تاکہ میرٹ پر چیزیں نظر آئیں۔ ڈی جی ٹی کو چاہیے کہ ان کے علاوہ جو بوگس تجارتی ادارے صرف کاغذوں میں چل رہے ہیں اور جن کا فیڈریشن پاکستان چیمبرز کے انتخابات سے قبل بزنس مین پینل نے اپنے تحفظات کا اظہاربھی کیا تھا ان کی رکنیت بھی کینسل کی جائے تاکہ غیر فعال اور برائے نام تجارتی اداروں کا پتہ لگ سکے اور جس سے شفاف الیکشن کا راستہ بھی ہموار ہو سکے۔
احمد جواد نے کہا یو بی جی پچھلے چند سالوں سے چندبوگس ٹریڈ باڈیز کی ملی بھگت کے ذریعے فیڈریشن الیکشنز میں کامیابی حاصل کرتی ہے یہی وجہ تھی کہ ایف پی سی سی ائی کے حالیہ انتخابات میں چند تجارتی تنظیموں نے اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے الیکشن پر اثر انداز ہوئیں جس سے الیکشن کے نتائج بزنس کمیونٹی کی توقعات کے برعکس رہے۔