کالم نگار گل بخاری لاہور سے ’اغوا` کے چند گھنٹے بعد رہا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کالم نگار گل بخاری کو منگل کی شب لاہور میں اغوا کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد رہا کر دیا گیا۔
گل بخاری کی فیملی نے تصدیق کی ہے کہ گل بخاری بالکل ٹھیک گھر واپس آ گئیں ہیں۔
گل بخاری کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ گل بخاری کو لاہور میں نامعلوم افراد نے رات گیارہ بجے کے قریب اس وقت اغوا کر لیا تھا جب وہ پروگرام کرنے کے لیے وقت ٹی وی کے دفتر جا رہی تھیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گل بخاری کے لاپتہ ہونے کی خبر مختلف صحافیوں کی جانب سے شیئر کی گئیں۔
بتایا جا رہا تھا کہ گل بخاری ادارے کی گاڑی میں پروگرام کرنے کے لیے دفتر کی جانب آرہی تھیں کہ شیر پاؤ بریج پر تین سے چار گاڑیوں نے ان کی گاڑی کو روکا۔ ان گاڑیوں میں سویلین افراد کے علاوہ یونیفارم میں ملبوس افراد بھی سوار تھے جو گل بخاری کو اپنے ساتھ بٹھا کر لے گئے۔