یوٹیلٹی سٹوروں پر گھء اور دالوں کی قلت برقرار

یوٹیلٹی سٹوروں پر گھء اور دالوں کی قلت برقرار

لاہور(اسد اقبال)یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی ناقص حکمت عملی کے باعث لاہور سمیت ملک بھر میں قائم یو ٹیلیٹی سٹور اپنی افادیت کھونے لگے ہیں۔صو بائی دارلحکومت کے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے باوجود شہریوں نے یوٹیلیٹی سٹور سے منہ موڑ لیا ہے جس کے پیش نظر یوٹیلیٹی سٹورز پر خریداری رجحا ن میں کمی سے جہاں سیلز میں 50فیصد سے زائد کمی واقع ہو چکی ہے وہیں یو ٹیلیٹی سٹور ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کہ رواں سال بونس سے محروم رہے گے۔دوسری جانب ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ اختتام پذیر ہونے کے باوجود یو ٹیلیٹی سٹوروں پر دال چنا ، دال مونگ اور یوٹیلیٹی گھی کی قلت برقرار ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹوروں پر پونے دو ارب روپے کی سبسٹڈی دی گئی ہے تاہم صو بائی دارلحکومت کے یو ٹیلیٹی سٹوروں پررمضان پیکج کے تحت سستی چینی ، دال چنا ، کالے چنے ،گھی و آئیل ، بیسن ،آٹااور سفید چنے یوٹیلٹی سٹورزپر سپلائی نہ بھیجی گئی جس کے پیش نظر شہری یو ٹیلیٹی سٹوروں پر سستی اشیاء خریدنے سے محروم رہے اور شہریوں نے عام مارکیٹ اور رمضان بازروں کا رخ کر لیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یو ٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی جانب سے یو ٹیلیٹی سٹور ز کی ساکھ پر منفی اثرات مرتب کرنے کے لیے اشیاء کی قلت جان بوجھ کر رکھی گئی جبکہ بڑے شہروں کے اہم سٹوروں پر تمام اشیاء کی سپلائی متواتر جاری رکھی گئی ۔ یو ٹیلیٹی سٹور ز انتظامیہ نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو ٹیلیٹی سٹوروں پر رمضان پیکج کے تحت تمام اشیاء دستیاب ہیں جن کی سپلائی رواں ہفتہ سے شروع کی گئی تاہم یکم رمضان سے پندرہ رمضان تک اشیاء کی سپلائی نہ ہونے کے برابر کی گئی جس کے پیش نظر صارفین چکر تو لگاتے رہے تاہم اشیاء دستیاب نہ ہونے کے باعث صارفین میں شدید غم وغصہ پایا گیا ۔ انتظامیہ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ اب عید کی آمد آمد ہے اور سرکاری ملازمین سمیت نوکری پیشہ افراد اپنی رواں ماہ ملنے والی تنخواہیں عید شاپنگ کرنے پر خرچ کر رہے ہیں نہ کہ راشن ڈالنے کے لیے لہذا آج یو ٹیلیٹی سٹوروں پر اشیاء تو رمضان پیکج کے تحت دستیاب ہیں تاہم خریدار نہیں ہیں اور ہم سارا دن ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے ہوئے ہیں ۔پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نعمان ، علی ، کامران ، ساجد ، ٹیپو ، وقاص مغل ، طارق چوہان اور طاہر غوری نے یوٹیلٹی سٹورز کے اعلیٰ عہدیدران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پررمضان پیکج کے تحت اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی نے یوٹیلٹی سٹورز کی افادیت کو ختم کر کے رکھ دیا ہے۔اس سے عام آدمی کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رواں سیزن صارفین رمضان پیکج کا بھرپور فائدہ اٹھانے سے محروم رہے ہیں۔

گرانفروشی

مزید : میٹروپولیٹن 1