میڈیا معاشرے کے اہم ستون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے،ذکر اللہ مجاہد

میڈیا معاشرے کے اہم ستون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ میڈیا معاشرے کے ایک اہم ستون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جبکہ میڈیانے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے ۔ اہل قلم اگر اپنی طاقت کا درست استعمال کریں تو ملک میں بڑا انقلاب برپا کر سکتے ہیں ۔صحافی بحیثت مسلمان اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے کرپٹ اور مفاد پرست لوگو ں سمیت معاشرتی برائیوں کو اجاگر کریں نہ کہ قلم کی عصمت کا سودا کریں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے صحافی برادری کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرجماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، ڈپٹی سیکرٹری ایم ایم اے و سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدری محمود الاحد لاہور ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ، چوہدر ی محمد آصف ، رہنماء جماعت اسلامی عبدالحفیظ اعوان و دیگر رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں اہل قلم لاہور نے شرکت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات وقت پر ہونے چاہیے اس حوالے سے میڈیا کا کردارمنصفانہ ہونا ہو اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اہل قلم تمام سیاسی قوتوں کو اپنی پسند اور نا پسند سے بالاتر ہو کر عوام تک محب وطن اور کرپشن سے پاک قیادت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1