زکوۃ کمیٹی نے نابینا افراد اور مستحق طلباء کیلئے امدادی چیک جاری کردیئے

زکوۃ کمیٹی نے نابینا افراد اور مستحق طلباء کیلئے امدادی چیک جاری کردیئے

 لاہور(سٹی رپورٹر )ضلعی زکوٰۃکمیٹی قصور نے ضلع کے دینی مدارس ‘ تعلیمی ادارہ جات کے مستحق طلباء و طالبات کیلئے سکالر شپ ‘ریگولر گزارہ الاؤنس اور مستحق نابینا افراد کے مالی امداد کے چیک جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق چیئر مین ضلعی زکوٰۃ کمیٹی قصور چوہدری محمد صادق نے محکمہ زکوٰۃ سے رجسٹرڈ دینی مدارس کو 38لاکھ 71ہزار روپے ‘تعلیمی ادارہ جات کے مستحق طلباء و طالبات کیلئے سکالر شپ کی مد میں 39لاکھ 36ہزار روپے ‘ ضلع کے کل 4430مستحقین زکوٰۃ کو ریگولر گزارہ الاؤنس کی مد میں 1کروڑ 30لاکھ 29ہزار روپے‘ 177نابینا مستحقین کیلئے 5لاکھ 31ہزار روپے ‘گزارہ الاؤنس سنٹرل پول کے 46مستحقین کیلئے 1لاکھ 38ہزار روپے کے چیکس کا اجراء کردیا گیا ہے۔ چیئر مین ضلعی زکوٰۃ کمیٹی چوہدری محمد صادق نے بتایا ہے کہ مستحقین زکوٰۃ کے چناؤ میں میرٹ اور شفافیت کو خصوصی طور پر مد نظر رکھا گیا ہے اور قوائد و ضوابط مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کی طرف سے استحقاق کے تعین کے بعد مستحقین کا انتخاب کرتے ہوئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں تا کہ مستحقین زکوٰۃ رمضان المبارک کے مہینے اور عید الفطر کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں ، یہ رقم فی مستحق کو بذریعہ ایزی پیسہ وصول ہوگی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر اشفاق احمد خاں ‘سماجی کارکن چوہدری ارسلان صادق ‘آڈٹ آفیسر مقصود احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...