نیب کا شکایت کی جانچ پڑتال سے احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے کا ٹائم فریم مقرر

نیب کا شکایت کی جانچ پڑتال سے احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے کا ٹائم ...

اسلام آباد (این این آئی) نیب نے بد عنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے شکایت کی جانچ پڑتا ل سے متعلقہ احتساب عدالتوں میں بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کیلئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کردیا ۔ نیب ترجمان کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) آپریشنل طریقہ کار کے تحت شکایت وصول کرنے کے بعد 2ماہ میں شکایت کی جانچ پڑتال کرتا ہے جس میں شکایت کنندہ کو حلف نامہ اور اپنی شکایت جمع کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ شکایت کی جانچ پڑتال کے بعد انکوائری کی منظوری دی جاتی ہے جو 4 ماہ میں مکمل کی جاتی ہے۔ انکوائری کے بعد نیب انویسٹی گیشن کی منظوری دیتا ہے جو کہ 4ماہ میں مکمل کی جاتی ہے ۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی قیادت میں نیب واحد ادارہ ہے جس نے بد عنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے شکایت کی جانچ پڑتال سے لے کر متعلقہ احتساب عدالتوں میں بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کیلئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے ۔ واضح رہے کہ نیب نے اب جھوٹی شکایات درج کرانے والے شکایت کنندہ کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس سے وقت اور رقم کا ضیاع ہوتا ہے تاہم نیب بلاامتیا احتساب کیلئے ٹھوس شواہد پر مبنی حقیقی درخواستوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...