پنجاب ،24گھنٹوں میں 877ٹریفک حادثات 16افراد جاں بحق ،584شدید زخمی

پنجاب ،24گھنٹوں میں 877ٹریفک حادثات 16افراد جاں بحق ،584شدید زخمی

 لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب کے مختلف مقامات پرگذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 877 ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں584افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ ان حادثات میں403افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں ریسکیوٹیموں نے جائے حادثہ پر فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والے ان ٹریفک حادثات میں16افراد جان کی بازی ہارگئے جن کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 432ڈرائیور،20کم عمرڈرائیور،444مسافراور127پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے ۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ244ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں، جن میں صوبائی دارالحکومت259متاثرین کے ساتھ پہلے ،فیصل آباد96حادثات میں110متاثرین کے ساتھ دوسرے اورملتان 66حادثات میں74متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1003متاثرین میں808مرد اور195خواتین شامل ہیں۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں688موٹر سائیکلز،126آٹو رکشے،79موٹر کاریں،45وین،13مسافربسیں،38ٹرک اور85دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔

مزید : علاقائی