نگران وزیراعطم کا بجلی کی بڑھتی لوڈشیڈنگ کا نوٹس ، لائن لاسز روکنے کیلئے اقدامات کا حکم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے ملک میں بد ترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا، وزارت پانی وبجلی کو لوڈشیڈنگ کم کرنے اور پاور سیکٹر لاسز اور نظام کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت ۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم نے ملک میں توانائی کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن نے وزیراعظم کو توانائی کے شعبہ میں بجلی کی پیداوار، ٹرانسمیشن اور بجلی کی تقسیم کے حوالے سے آگاہ کیا۔نگران وزیراعظم کوملک بھر میں بجلی کی طلب کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ 2013میں بجلی کی پیداواری صلاحیت18753میگاواٹ تھی جو کہ آج 28704میگاواٹ ہے۔وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ موسم کی صورتحال اور پانی کی فراہمی میں کمی کے باعث مئی میں ہائیڈل ذرائع سے 3090میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جو کہ 2015میں 6333میگاواٹ تھی۔ نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ لوڈمینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کی منظوری سابق وفاقی کابینہ نے ماہ رمضان کیلئے دی تھی۔نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ لائن لاسز کوروکنے کیلئے بھرپو اقدامات کئے جائیں تا کہ توانائی کے شعبہ کی کارکردگی کو بہتر اور پائیدار بنایا جا سکے۔۔ نگران وزیراعظم نے بجلی چوری اور لائن لاسز کے حوالے سے انتظامی اور تکنیکی معاملات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کو بڑے نقصانات کا سامنا ہے، جس کے لئے وزارت توانائی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو تمام تکنیکی معاونت فراہم کرے گی تا کہ توانائی کے شعبہ میں صارفین کی طلب و رسدکو بہتر کیا جاسکے۔ نگران وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایسا جامع پلان تیار کیا جائے جو آئندہ منتخب حکومت کیلئے مددگار ثابت ہو۔
نگران وزیراعظم
اسلام آباد (آئی این پی،این این آئی) نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے چیئرمین سینیٹ اور چینی سفیر کی ملاقاتیں،عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک سے گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات میں نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناچینی سفیر یاؤ جنگ نے بھی نگران وزیراعظم سے ملاقات کی۔جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔چینی سفیر نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط برادارنہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا کرتے ہوئے کہا کہ چین باہمی دلچسپی کے امور و بین الاقوامی امور پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے چین کے صدر ووزیراعظم اور چینی عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔نگران وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ چینی صدر کابیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ خطے کے عوام کی ترقی میں بڑاکردار ادا کرے گا اور پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید استحکام دے گا۔
نگران وزیراعظم/ملاقاتیں