بارش اور تیز آنھی چھتیں گرنے سے 3جاں بحق ، متعدد علاقوں میں گھنٹو ں بجلی بند رہی

بارش اور تیز آنھی چھتیں گرنے سے 3جاں بحق ، متعدد علاقوں میں گھنٹو ں بجلی بند ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (کرائم رپورٹر228خبرنگار)صوبائی دارالحکومت سمیت گردونواح میں تیز و طوفانی آندھی کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار، مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے، گھنٹوں بجلی کی سپلائی معطل رہی۔ بوسیدہ چھتیں ، دیواریں اور ہوڈرنگ بورڈز گرنے سے 2کمسن بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام اچانک تیز آندھی طوفانی شکل اختیارکر گئی اورطوفان بادوباراں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ شاہدرہ کے علاقہ میں ایک گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے 58سالہ اللہ دتہ ملبے تلے دب کرجاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے 20 سالہ عبدالستار، 22 سالہ شیر علی، 25 سالہ حافظ محمد کو شاہدرہ ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اسی طرح رائے ونڈ کے علاقہ کھارا چوک میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ برکی کے علاقہ پھلروان گاؤں میں دو گھروں کی چھتیں گرنے سے ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ نشاط کالونی میں زیرتعمیر عمارت کا لینٹر زورداردھماکے سے زمین بوس ہو گیا۔ غازی آباد کے علاقہ میں طوفانی آندھی کے باعث شہری کے گھر کی بوسیدہ چھت گر گئی اورملبہ کے نیچے آ کر 3 افراد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح گجرپورہ کے علاقہ میں گھر کی چھت گرنے سے2 بھائی 22سالہ علی اور 23سالہ عبداللہ شدید زخمی ہوگئے جن کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔تیز آندھی اور بارش کے باعث مانگا منڈی ، پتوکی ، اوکاڑہ اور دیگر مقامات پرموٹر وے پر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی شاہرات پر ٹریفک کا نظام انتہائی سست روی کا شکار رہا۔ طوفان بادوباراں کے باعث جہاں متعدد پروازیں تاریخ کا شکار ہو گئیں وہاں مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے اور لیسکوں کے ناقص نظام کے باعث کئی گھنٹے تک بجلی کی سپلائی معطل رہی جس پر لیسکو حکام کی جانب سے فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کرنے کے باوجود رات گئے تک بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی۔دوسری جانب لاہور میں تیز آندھی کے باعث کینال روڈ پر درخت اکھڑ کر گاڑی پر گر گیا جس کے باعث 4 افراد زخمی ہو گئے ، اس کے علاوہ کینال روڈ ، مغل پورہ، ہربنس پورہ، گجر پورہ اور مناواں سمیت سندر، کاہنہ اور برکی کے علاقوں میں متعدد مقامات پربھی درخت اکھڑ کر گر گئے اور ہورڈنگ بورڈز بھی نیچے آ گرے جن کی زد میں آ کر متعدد شہری زخمی ہو گئے ۔ جس کے باعث نظام زندگی مفلوج رہا اور شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش،آندھی

مزید :

صفحہ اول -