ریحام نے علیم خان سے اپنی فلم کیلئے ایک کروڑ روپے مانگے تھے، عون چودھری کا دعویٰ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مشیر عون چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان نے ان کے سامنے علیم خان سے اپنی فلم کے لیے ایک کروڑ روپے مانگے تھے۔ریحام خان کی متنازع کتاب سے متعلق اپنے بیان میں عون چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کو پیسوں اور طاقت کی بہت لالچ تھی اور انہیں پیسے اور طاقت حاصل کرنے کی بہت جلدی تھی۔انہوں نے کہا کہ میرے سامنے ریحام خان نے اپنی فلم کے لیے علیم خان سے ایک کروڑ مانگے اور فلم کے فرنیچر کے قرضے کے لیے پی ٹی آئی پارلیمینٹرین سے لاکھوں روپے مانگے تھے لیکن یہ فرنیچر کبھی واپس نہیں کیا گیا، بس غائب ہوگیا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ دورہ کراچی میں بھی ریحام خان نے ایک بزنس مین سے رقم مانگی تھی۔انہوں نے کہا کہ ریحام خان نے خیبر پختونخوا کے معاملات میں بے جا مداخلت کی اور سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے غیر ملکی کمپنی سے ڈیل کی کوشش کی جب کہ غیر ملکی کمپنی سے کک بیک کے طور پر2 ملین ڈالر کا مطالبہ کیا جس کے بعد ریحام کے بارے میں عمران خان کو بتانے پر مجبور ہوا۔عون چوہدری کا کہنا تھاکہ عمران خان نے علم ہونے پر ریحام خان کی تمام اسکیمز پر کام رکوادیا تھا جس کے بعد ریحام خان پر ہسٹیریائی کیفیت طاری ہوگئی۔