بھارتی ریاست گجرات میں بی اے ایف کا جنگی طیارہ گر کر تباہ
نئی دہلی، گجرات( آن لائن )بھارتی ریاست گجرات میں بھارتی ائیر فورس کا جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ائر کموڈور سنجے چوہان ہلاک ہوگیا ، جنگی طیارہ گجرات کے شہر کچ کے ضلع مندرا میں گر کر تباہ ہوا۔ جنگی طیارہ جمنانگر ائیر بیس سے پرواز بھرنے کے بعد بیراجا گا ؤں کے کھیتوں میں جا گرا، کھیتوں میں گھاس چرتی 5 گائیں بھی ہلاک ہوگئیں۔اس طیارہ حادثے سے متعلق تاحال بھارتی حکام کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کچھ ماہ قبل بھارتی شہر آسام میں بھارتی فضائیہ کا مائیکرولائٹ وائرس SW-80 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونیوالوں میں ونگ کمانڈر جے جیمز اور ونگ کمانڈر ڈی ویٹس شامل تھے۔دونوں پائلٹوں نے ہیلی کاپٹر کو ہنگامی طور پر لینڈ کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے اور ہیلی کاپٹر ضلع کے شمالی حصہ میں جا گرا اور گرتے ہی ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی جو پائلٹس کی موت کا موجب بنی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ ماہ کے اندر ہونیوالا یہ دوسرا حادثہ ہے ۔ بھارت دفاع تجزیہ کاروں نے کچھ ماہ کے اندر ایک نوعیت کے دوسرے حادثے کا تشویش کا اظہار کیا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے بھارتی حکام کوطیاروں کی جانچ پڑتال کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینی چاہیے جو ائیربیس پر موجود طیاروں کی دیکھ بھال ، اڑان بھرنے سے قبل حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنائے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ بھارتی تجزیہ کاروں نے متعلقہ حکام کو مشورہ دیا ہے وہ اس قسم کے حادثات کی فوری طور پر انکوائری کروا کر حادثوں کی وجہ معلوم کریں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات رونما ہونے سے روکے جا سکیں۔