شدید گرمی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، ٹرپنگ سے معمولات زندگی متاثر

شدید گرمی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، ٹرپنگ سے معمولات زندگی متاثر

ملتان،مظفرگڑھ،بوریوالا،راجن پور،دراہمہ (سٹاف رپورٹر،خبرنگار خصوصی،نمائندگان)ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی پورے زور و شور سے قہر ڈھارہی ہے اس موقع پر رہی سہی کسر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بار بار ٹرپنگ نے پوری کردی ہے ماہ مبارک میں روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دراہمہ میں 49ڈگری جبکہ ملتان اور راجن پور مین 46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا (بقیہ نمبر40صفحہ12پر )

اس سلسلہ میں ملتان سے سٹاف رپورٹر کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں پھر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ۔سارا دن ہر آدھے گھنٹے کے بعد ٹرپنگ نے صارفین کو عذاب میں مبتلا کر دیا ۔ تفصیل کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پھر شروع ہو گئی ہے ۔ گزشتہ روز متعدد علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہی جبکہ بیشتر علاقوں میں ہر آدھے گھنٹے کے بعد بجلی بند ہو تی رہی جس سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہوئیں ۔ خصوصاً روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔دوسری جانب کم وولٹیج کے باعث شہریوں کے برقی آلات، الیکٹرانکس کی اشیاء جواب دے گئیں۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے غیر معمولی استعمال کے باعث گرڈ سٹیشنوں پر پڑنے والے بوجھ کو وولٹیج کم کرکے پورا کیا جارہا ہے۔ صارفین کے مطابق ائیرکنڈیشنرز، کولر، استری، واٹر پمپ کم وولٹیج کے باعث کام نہیں کررہے ہیں۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ کم وولٹیج کا مسئلہ حل کیا جائے۔ دریں اثنا گزشتہ روز ٹرپنگ کا مسئلہ بھی درپیش رہا ۔ متعدد علاقوں میں شدید ٹرپنگ کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ ہر گھنٹے بعد ٹرپنگ سے صارفین شدید مسائل سے دوچار ہو گئے انہیں مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دوسر ی جانب رہی سہی کسر سوئی گیس کی بندش نے پوری کر دی۔ سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے ۔ سحری کے اوقات میں گیس کی بندش کے باعث روزہ رکھنے میں شدید مشکلات درپیش آئیں ۔ صارفین نے حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے۔میپکو ترجمان نے کہا ہے کہ ملتان سمیت پورے میپکو ریجن میں سحری کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل سپلائی جاری ہے‘ میپکو کا ڈسٹری بیوشن سسٹم مکمل طور پر کام کررہا ہے اور چیف ایگزیکٹو میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری ریجن میں بجلی کی ڈیمانڈ اور سپلائی کی خود نگرانی کر رہے ہیں‘انفرادی شکایات کے ازالہ کے لیے میپکو کا فیلڈ سٹاف سرگرم عمل ہے اور تمام شکایت کا فی الفور ازالہ کیا جا رہا ہے۔ میپکو صارفین سے اپیل ہے کہ بجلی کے استعمال میں اعتدال برتیں کریں تاکہ انہیں بلاتعطل فراہمی جاری رکھی جا سکے۔دریں اثناء ضلع کچہری ملتان میں بجلی کی بندش سے وکلاء اورسائلوں کو پریشانی کا سامناکرناپڑاہے نیز اندرونی چیمبروں میں اندھیراچھایا رہاہے جس کی وجہ سے عدالتی کام بھی متاثرہوا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ضلع کچہری میں عدالتی اوقات کار کے دوران بجلی کی بیشتروقت بندش کے ساتھ ٹرپنگ بھی ہوئی جس کی وجہ سے وکلاء کے چیمبروں کی عمارتوں کے اندرونی حصوں میں اندھیراچھایارہانیز گرمی کی شدت کے باعث حبس کی وجہ سے وکلاء اورسائل پسینے سے شرابوررہے اورکام بھی نہیں ہوسکا نیز روزہ کی وجہ سے بھی وکلاء اور سائلوں کو پریشانی کا سامنارہاہے۔مظفرگڑھ سے بیورو رپورٹ،تحصیل رپورٹر کے مطابق شہر کے اکثریتی علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز شہر بھر میں گرمی کی شدت میں کمی نہ ہوسکی اور پارہ 45ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔شدیدگرمی کے باوجود بھی فریدکالونی کے فیڈر کے علاقوں محلہ شیخوپورہ،محلہ بخاری والا،لٹکراں،گنیش واہ کے اطراف،علی پورروڈ کے اطراف،فرید کالونی اور پیرجہانیاں سمیت اطراف کے علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ رہی۔مذکورہ علاقوں میں 12گھنٹوں سے زائد تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جاتی رہی جس کی وجہ سے روزہ داروں کو سخت پریشانی کاسامناکرناپڑا۔گرمی اور حبس کی شدت سے تنگ شہری بجلی کی معلومات لینے کے لیے دن بھر میپکو دفاتر فون کرتے رہے مگر میپکو نے کوئی بھی وجہ بتانے سے انکار کردیا۔شہریوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سخت گرم موسم میں روزہ داروں کی پریشانیوں کا خیال رکھتے ہوئے بجلی کی گھنٹوں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے تاکہ روزہ داروں کوکچھ ریلیف مل سکے۔بورے والا سے تحصیل رپورٹر کے مطابق بورے والا شہر اور گردو نواح میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے شدید گرمی کے موسم میں شہریوں بالخصوص روزہ داروں کی زندگی اجیرن کر دی لوگ گرمی کے ستائے ہوئے سڑکوں اور گلیوں میں نکلنے پر مجبور ہو گئے ہر دو گھنٹے کے بعد بار بار ٹرپنگ اور بجلی کی آنکھ مچولی سے قیمتی الیکٹرونک اشیاء بھی جل گئیں بجلی کی بار بار بندش کا سلسلہ گزشتہ 48گھنٹوں سے زیادہ شدت اختیار کر چکا ہے شہریوں اور عوامی سماجی حلقوں نے چیف ایگزیکٹو میپکو ملتان انجینئر چوہدری محمد اکرم سے فوری اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق راجن پور میں سخت گرمی کی لہر اور لو کاسلسلہ جاری ،درجہ حرارت 46 ڈگری درجہ حرارت برقرار ،سخت گرمی میں پانچ گھنٹے شہری اور دس گھنٹے دیہی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوادیں ،شہری سراپاء احتجاج تفصیلات کے مطابق راجن پور میں سخت گرمی کی لہر جاری ہے صبح نوبجے سے شروع ہونے والی لودن بھر جاری رہتی ہے سخت گرمی اور لو کے باعث شہری اور روزہ دار گھروں میں ہی محصور رہنے پر مجبور ہیں دوسری جانب غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوادی ہیں محض لائن لاسز پورے کرنے کی خاطر فیڈرز کوکئی کئی گھنٹے بندکیا جارہا ہے ۔دراہمہ سے نامہ نگار کے مطابق دراہمہ ، سمینہ و اس کے گردونواح میں درجہ حررات 49 ڈگری کو کراس کر گیا شدید گرمی کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو چکا ہے ۔ روزہ داروں کو روزہ رکھنے اور کھولنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مذکو علاقے کے لوگوں نے مطالبہ کرتے ئے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تا کہ روزہ داروں کو روزہ رکھنے میں تکلیف نہ ہو ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر