انتخابات کیلئے شکایات سیل قائم کیا جائے گا ،نگران وزیراعلیٰ سندھ

انتخابات کیلئے شکایات سیل قائم کیا جائے گا ،نگران وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وہ وزیراعلی ہاؤس میں ایک شکایتی سیل قائم کرنے جارہے ہیں جہاں پر ہر قسم کی شکایات باالخصوص انتخابات کے حوالے سے وصول کی جائیں گی اور ان کا تدارک بھی کیاجائیگا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)کے ایک وفد جس کی قیادت سنیٹرمظفر حسین شاہ کررہے تھے سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔وفد میں سابق وزیراعلی سندھ ارباب غلام رحیم، عرفان اللہ مروت، سردار رحیم اور نعیم الرحمان شامل تھے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ بطور نگراں وزیراعلی کے غیر جانبدار ہیں اور ان کی ٹیم ، حکومتی مشینری اور کابینہ بھی غیر جانبدار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ہیں اور ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ آزاد اور صاف و شفاف الیکشن کا انعقادہو۔ جی ڈی اے کے وفد نے مختلف معاملات پر اپنے چند تحفظات کا اظہار کیا۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام تحفظات کو دور کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں پر آپ سب کی سہولت کے لئے ہیں تاکہ آپ ایک اچھے اور آزاد ماحول جس میں کسی قسم کی مداخلت یا رکاوٹ نہ ہو الیکشن میں حصہ لے سکیں اور انشا اللہ الیکشن کے بعد ہمارے کردار کو سراہا جائیگا۔ وزیراعلی سندھ نے جی ڈی اے کے وفد کو بتایا کہ وہ ایک شکایتی سیل قائم کرنے جارہے جہاں پر انتخابات یا کسی بھی دیگر معاملے سے متعلق شکایات وصول کی جائیں گی اور ان کا تدارک بھی کیا جائے گا۔ وفد نے نگراں وزیراعلی سندھ کی جانب سے تعاون اور سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول