مقبوضہ کشمیر ، تیسرے روز بھی بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ، متعدد زخمی

مقبوضہ کشمیر ، تیسرے روز بھی بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں حال ہی میں ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک مقامی نوجوان کی شہادت پر پلوامہ میں گزشتہ روز (منگل ) کو تیسرے روز بھی بھارتی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جھڑپیں قصبہ پلوامہ کے علاقے وشبگ چوک، ڈانگرپورہ چوک اور مورن چوک میں ہوئیں۔بھارتی فورسز نے شہید نوجوان کی میت کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ فائرنگ کی اور آنسوگیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق جواب میں نوجوانوں نے بھارتی فورسزپر شدید پتھراؤ کیا ۔انہوں نے کہا کہ قصبے میں شدید کشیدگی کی صورتحال پائی جاتی ہے۔ علاقے کے عوام گزشتہ تین روز سے لاجورہ سے تعلق رکھنے والے شہید نوجوان شیراز احمد کی میت کا انتظار کررہے ہیں جن کو بھارتی فوجیوں نے 25مئی کو ٹنگڈار میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کیا تھا۔ بھارتی فورسز نے 25مئی کوکنٹرول لائن پر پانچ غیر ملکی دراندازورں کو مارگرانے کا دعویٰ کیا تھاتاہم بعد میں ضلع کولگام کے علاقے پاریگام اور ضلع پلوامہ کے علاقے لاجورہ سے تعلق رکھنے والے دو خاندانوں نے دعویٰ کیا کہ شہید ہونے والے نوجوانوں میں سے دو ان کے بچے ہیں۔ دریں اثناء اوقاف کمیٹی لاجورہ نے منگل کو ایک ہنگامی اجلاس میں شیراز احمد کی میت ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ اوقاف کمیٹی کے ارکان نے دھمکی دی ہے اگرفوری طور پر میت ان کے حوالے نہ کی گئی تو وہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔