کیپٹل سٹی پولیس افیسر کا امن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

کیپٹل سٹی پولیس افیسر کا امن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

پشاور(کرائم رپورٹر )کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر قاضی جمیل الرحمن کی سربراہی میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ اوربجلی ٹرپنگ کے پیش نظرآئے روز جلسے جلوس اور عید الفطر کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس طلب ۔ خصوصی اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال، ایس ایس پی کوارڈینیشن عبدالرؤف بابر، ایس پی ہیڈ کوارٹرز وسیم خلیل اور ایس پی سیکیورٹی صاحبزادہ سجا د کے علاوہ تمام ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ضلع بھر میں اوور ٹرپنگ اورلوڈشیڈنگ کی وجہ سے آئے روز ہونے والے جلسے جلوسوں کی روک تھام اور عید الفطر کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں خصوصی اجلا س کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی سربراہی سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال، ایس ایس پی کوارڈینیشن عبدالرؤف بابر، ایس پی ہیڈ کوارٹرز وسیم خلیل اور ایس پی سیکیورٹی صاحبزادہ سجا د کے علاوہ تمام ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی سی پی او نے بجلی کی بندش سے ہونے والے جلسے جلوس کی روک تھام اور مظاہرین کو پر امن طور پر منتشر کرنے کے ساتھ ساتھ تمام افسران کو واپڈا حکام سے بھی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جلسے جلوس کی آڑ میں سماج دشمن عناصر کوانکے مذموم مقاصدمیں کامیاب نہ ہونے دیں۔ سی سی پی او نے علاقہ عمائدین،، علماء و مشائخ اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے بھی رابطے استوار کرنے کی ضرورت پر زور دینے کے ساتھ ساتھ پیسکو حکام سے لوڈشیڈنگ شیڈول حاصل کرنے اور متعلقہ پیسکو حکام سے رابطہ میں رہنے کی تلقین کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں واپڈا حکام سے بروقت رابطہ کیا جا سکے ۔ سی سی پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی جلوس وغیرہ کے رونما ہونے کی صورت میں ٹریفک حکام کو بروقت مطلع کیا کریں تاکہ ٹریفک کی روانی کے لئے متبادل راستوں کا اہتمام ہوسکے۔خصوصی اجلاس میں عید الفطر کے آمد کی مناسبت سے بھی کئی اہم فیصلے کرنے کے ساتھ ساتھ تمام افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ افسران عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔اجلاس کے دوران تمام افسران کو اپنے اپنے علاقہ میں خصوصی گشت اور ناکہ بندیوں کے اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ علاقہ میں جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کی گئی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...