الیکشن میں فوج کو خوامخواہ نہیں بلائیں گے،نگران وزیرداخلہ
اسلام آباد(صباح نیوز) نگراں وفاقی وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں فوج کو خوامخواہ نہیں بلائیں گے‘ہم پرامن انتخابات کو یقینی بنائیں گے اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کو پوری سپورٹ دیں گے۔
منگل کوحلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویومیں نگراں وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول اعظم خان نے کہاکہ پرامن انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے‘پرامن انتخابات کے لیے وزارت داخلہ کے اداروں کو استعمال کریں گے، وفاقی وصوبائی حکومتوں کے ادارے پرامن انتخابات کراسکتے ہیں۔
نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ عام حالات میں نہیں چاہوں گا کہ فوج کو خواہ مخواہ بلایا جائے، قانون میں گنجائش موجود ہے لیکن وہ انتہائی صورتحال کے لیے ہے، اگر ضروری ہوا تو بلالیں گے نہ ہوا توگریز کریں گے‘اعظم خان کا کہناتھاکہ انہیں فون پر بتایا گیا کہ نگراں وزیر بنایا جارہا ہے، مجھے پتہ نہیں تھا کہ وزیر بنوں گا، نہ کسی نے بتایا تھا اور نہ کسی کو کہا تھا۔