حمید گل نے مجھے فون کیا تھا کہ عمران کو منع کرو ریحام سے شادی نہ کرے: سینئر صحافی نے دعویٰ کردیا

حمید گل نے مجھے فون کیا تھا کہ عمران کو منع کرو ریحام سے شادی نہ کرے: سینئر ...
حمید گل نے مجھے فون کیا تھا کہ عمران کو منع کرو ریحام سے شادی نہ کرے: سینئر صحافی نے دعویٰ کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک)سینئر صحافی ضیا شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ جنرل حمید گل مرحوم نے انہیں فون کرکے کہاتھاکہ عمران خان کو کہیں کہ ریحام خان سے شادی نہ کریں لیکن اس وقت بات کرنا فضول تھی ، شادی کے چھٹے روز پھر برطانیہ سے خبر ملی کہ شادی ختم ہوجائے گی ، میرے خیال سے عمران خان کو پھنسایا گیا تھا اور ریحام خان کو یہ مشن دیا گیا تھا۔ 

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جو بھی نگران وزیراعلیٰ آیا اچھا ہے، اپوزیشن لیڈر پنجاب محمودالرشید میں کوئی میچورٹی نہیں۔ عمران خان کو 2 دفعہ کہا کہ ان کی تربیت کرنی چاہیے، قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے سرگرم اراکین تھے، محنتی تھے لیکن پنجاب میں نالائق ٹیم تھی، یہ بات میں نے لوگوں کی موجودگی میں عمران خان سے بھی کہی۔ ان سے کہا کہ اگر اس قسم کے معیار کے لوگوں کے ساتھ اسمبلیوں میں جانا ہے تو پھر کوئی مستقبل نہیں، پرانے لوگوں کو محنت کرتے دیکھا تھا وہ پوری تیاری کرتے تھے اور حکومتوں کو ٹف ٹائم دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پہلی بیگم جمائما بہت اچھی و باوقار خاتون ہیں، ان کی شادی پر بہت مبارکباد بھی دی تھی اور یہ شادی ختم ہونے پر ذاتی طور پر دکھ ہواتھا۔ وقت نے ثابت کیا وہ ایک اچھی خاتون ہیں۔ طلاق کے باوجود مشکل وقت میں انہوں نے نہ صرف بچوں کی دیکھ بھال کی بلکہ عمران خان کی منی ٹریل میں بھی سب سے زیادہ محنت کی۔ دوسری شادی عمران خان کی واحد شادی ہے جس پر کبھی مبارکباد دی نہ ملنے گیا۔ ریحام خان سے آج تک نہیں ملا۔ ابھی شادی نہیں ہوئی تھی کہ جنرل(ر) حمید گل نے مجھے فون کر کے کہا کہ عمران خان کو منع کریں، میں نے کہا کہ عشق و مشک چھپائے نہیں چھپتے اوراس وقت عمران خان اس میں پھنسا ہوا ہے، بات کرنا فضول ہے۔ ریحام سے عمران خان کی شادی کے چھٹے روز مجھے برطانیہ سے خبر ملی ان کی شادی ختم ہو جائے گی۔ ریحام 6دنوں میں اپنے شوہر کی اتنی برائیاں کر رہی ہے حیران ہیں کہ شادی کیسے چلے گی۔ وہی ہوا دیکھتے دیکھتے شادی ختم ہو گئی۔

حمید گل نے مجھے بتایا تھا کہ جب ریحام خان ان سے ملنے آئیں تو میں نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ فلاں شخص، ادارے کو جانتی ہیں، کیا یہ درست ہے کہ انہوں نے آپ کو یہاں بھیجا ہے اور میرے حساب سے عمران خان کو ٹریپ کرنے کا مشن سونپا گیا ہے۔  حمید گل اس وقت آئی ایس آئی کے سربراہ تھے۔ دنیا کی حساس ایجنسیوں کے بارے میں بڑی معلومات رکھتے تھے۔ میں اب بھی متفق ہوں کہ ریحام خان سے عمران خان کو ٹریپ کیا۔اس سے پہلے ان کے نام جانتا ہوں جنہوں نے سیتا وائٹ کیس پر ساری دستاویزات اکٹھی کیں۔ ان کے نام بھی جانتا ہوں جنہوں نے بہت پہلے یہ دعویٰ کیا تھا، انہی ایجنسیوں نے ان کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروا کر رکھے ہوئے تھے۔