صاف شفاف اور بروقت انتخابات بارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے :بیرسٹر سید علی ظفر

صاف شفاف اور بروقت انتخابات بارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے :بیرسٹر سید علی ...
صاف شفاف اور بروقت انتخابات بارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے :بیرسٹر سید علی ظفر

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) نگران وفاقی وزیر اطلاعات بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ صاف، شفاف اور بروقت انتخابات یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے، پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ آج کل میڈیا پر زیادہ تر بحث قانونی معاملات پر ہو رہی ہے، نگران حکومت ایک آئینی حکومت اور  خاص مدت کے لیے بنائی گئی ہے، ہم طویل المدتی پالیسی معاملات کو نہیں دیکھ سکتے ،اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کرنی ہے، وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ صاف شفاف اور بروقت انتخابات یقینی بنانا ہیں، سپریم کورٹ نے الیکشن فارمز کے حوالے سے معاملہ حل کر دیا ہے، فارم اپنی جگہ رہے گا ،الیکشن میں اضافی حلف نامہ آجائے گا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں ضروری ہیں، اگر غلطی ہو گی تو ووٹر کا حق مارا جائے گا ،حلقہ بندیوں کے معاملے پر انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے ،آئین کے مطابق انتخابات میں 60دن سے زیادہ تاخیر نہیں ہو سکتی ۔انہوں نے کہا کہ بطور قومی چینل پی ٹی وی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا موقف دینے کا یکساں موقع دے ،آئین کے آرٹیکل 19کے تحت آزادی اظہار رائے کا حق حاصل ہے، آرٹیکل 19کے تحت ملکی سالمیت افواج اور عدلیہ کے خلاف بات نہیں کی جا سکتی،قومی وقار کے لیے قانون سب کے لیے برابر ہو اور جو بھی فیصلہ آئے اسکا احترام کیا جائے، اداروں کو آزاد اور طاقتور بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے عوام کو ان دو ماہ میں سہولیات دینی ہیں، لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ کابینہ اجلاس میں زیر بحث آیا ،وزارت پانی و بجلی سے حقائق پوچھے ہیں اور قوم کے سامنے رکھیں گے ،معیشت کے حوالے سے حقائق پریس کانفرنس کے ذریعے قوم کے سامنے رکھیں گے ،امن و امان کا قیام صوبوں کی ذمہ داری ہے، ان سے مشاورت جاری رہے گی ،ہم ایسی گائیڈ لائن دینا چاہتے ہیں جس سے آنے والی حکومت استفادہ حاصل کر سکے۔

مزید : قومی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...