ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کی طویل مدت کے بعد پاکستان واپسی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایم کیو ایم کے رہنماحیدر عباس رضوی کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے ، حیدر عباس رضوی کافی عرصے سے کینیڈا میں مقیم تھے ،ان کی پاکستان آمد کو کراچی کی سیاست میں نئی کروٹ قراردیاجا رہاہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’جیونیوز‘‘ کے مطابق کینیڈا سے کراچی آمد کے بعد حیدر عباس رضوی ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز گئے اور خالد مقبول صدیقی سمیت پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور سیاسی معاملات سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حیدر عباس رضوی نے گذشتہ ماہ ہی وطن واپس آنے کا اعلان کیا تھا جبکہ انہوں نے اپنے اوپر قائم مقدمات میں پہلے ہی ضمانت کرا رکھی ہے۔یاد رہے کہ بانی ایم کیو ایم کی باغیانہ تقرریوں اور مقدمات کے اندراج کے بعد حیدر عبا س رضوی بیرون ملک چلے گئے تھے اور کافی مدت سے کینیڈا میں مقیم تھے ،ان کی وطن واپسی کو کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کی سیاست میں نئی کروٹ قرار دیا جا رہاہے ۔یاد رہے کہحیدر عباس رضوی پر پاکستان میں کئی مقدمات درج ہیں،وہ 2 سال سے زیادہ عرصے سے کینیڈا میں مقیم تھے، حیدر عباس رضوی رکن قومی اسمبلی اور رابطہ کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں، 22 اگست کو بانی قائد کی متنازع تقریر کے بعد انہوں نے وطن واپس آنے کا ارادہ ملتوی کردیا تھا۔فیصل سبزواری نے سوشل میڈیا پر حیدر عباس رضوی کی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نقشہ دیکھ رہے ہیں۔