ہربنس پورہ میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیر ات کیخلاف آپریشن

  ہربنس پورہ میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیر ات کیخلاف آپریشن

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)ہربنس پورہ میں عدالت عالیہ کی جانب سے حکم امتناعی کے باوجود سرکاری اراضی پر تعمیرات جاری کرنے پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی،ہربنس پورہ کے علاقہ سبحان اللہ گارڈن میں مسلم لیگ(ن)کے مقامی ایم این اے کی جانب سے حکم امتناعی کے باوجود سرکاری اراضی پر تعمیرات کرنے کا سلسلہ جاری تھا۔توہین عدالت کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی معلوف کی جانب سے الصبح آپریشن میں پختہ تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق یہ تعمیرات دو ماہ سے جاری تھیں اور مسلح افراد کی نگرانی میں تیس سے زائد گھر تعمیر کیے جاچکے تھے۔روحیل اصغر کی ہاؤسنگ سوسائٹی سبحان اللہ گارڈن کا 202 کنال کا انتقال لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے خارج کر دیا گیا تھا۔سوسائٹی مالکان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے ڈبل بینچ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی معلوف اور اینٹی کرپشن کے افسران کی نگرانی میں آپریشن کرتے ہوئے پختہ تعمیرات کو گرایا گیا۔ہربنس پورہ سبحان گارڈن میں سرکاری زمین واگزار کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری رہے گا عدالت عالیہ کے نوٹس میں بھی معاملہ لایا جائے گا۔اسسٹنٹ کمیشنر شالیمار مہدی معلوف نے غیر قانونی طور ہر تعمیر ہونے والے گھروں کے مالکان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ خود خالی کر دیں ورنہ گرا دئیے جائیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -