کورونا سے بچنے کیلئے سماجی فاصلہ کے اصول پر عمل ضروری ہے،ڈاکٹر ساجد محمود

کورونا سے بچنے کیلئے سماجی فاصلہ کے اصول پر عمل ضروری ہے،ڈاکٹر ساجد محمود

  

لاہور(پ ر)کورونا ایک عالمی وبا ہے جس سے بچاؤسماجی فاصلہ اور صفائی کے بہترین انتظامات سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ موجودہ نازک صورتحال میں منہاج یونیورسٹی لاہور کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے حکومتی ایس او پیز کے مطابق عملی طور پر اقدامات کر رہی ہے اورحکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہوئے یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں صفائی کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کلورین اور جراثیم کش سپرے کیا جا رہا ہے اور یہ جراثیم کش سپرے عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ہے۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے یونیورسٹی انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ آن لائن اجلاس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لئے سماجی دوری اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی کے نظام کو اپنانا ضروری ہے۔علاوہ ازیں ملکی سطح پر باہمی اتحاد اور حفظان صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے گھروں،دفاتر اور عوامی جگہوں کو صاف ستھرا رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی کے بعد عوامی سطح پر عوام سماجی فاصلے کی حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل نہیں کر رہی جس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے لاک ڈاون کے دوران یونیورسٹیز کی سطح پر سب سے پہلے آن لائن طریقہ تدریس کو اپنایا گیا جس کا مقصد یہ تھا کہ طلبہ اور گھروں میں محفوظ رہ کر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور صفائی کے ساتھ ساتھ حکومت کی کلین گرین پاکستان مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور اس ضمن میں سٹیٹ آف دی آرٹ گرین ہاوسزکا کام مکمل ہوچکا ہے اور تمام یونیورسٹی کو شجر کاری کے ذریعے سرسبز وشاداب بنانے کا عمل جاری ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -