پیف پارٹنرز 9جون کو پنجاب اسمبلی کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے
لاہور (پ ر) جوائنٹ ایکشن کمیٹی پیف پارٹنرز پنجاب کی کال پر 9 جون صبح 10 بجے پنجاب اسمبلی اجلاس کے باہر پنجاب بھر کے پیف پارٹنرز اپنے مطالبات کے حصول کیلئے احتجاج اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے۔ اس سلسلے میں پروگریسو پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس میں PSA کے مرکزی قائدین مزمل اقبال صدیقی، شیخ ارشد اٹارا، محمد صادق صدیقی، اجمل اشفاق، حاجی میاں اسحاق، رضوان یوسف، امتیا زشاہین، حاجی منیر، محمد ندیم، محمد صفدر کے علاوہ لاہور کے پیف پارٹنرز اور PSA کے معزز ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
اور اس میں بتایا گیا کہ پارٹنرز کی بروقت ادائیگیوں، ناجائز کٹوتیوں کے خلاف وزیر تعلیم مراد راس کی تعلیم دشمن پیف دشمن پالیسیوں کے خلاف اور اپنے دیگر مطالبات کے حصول کیلئے ہم اپنا جائز احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ ہمارے ساتھ ناانصافیاں ہورہی ہیں۔ لاکھوں بچوں کی تعلیم، ہزاروں اساتذہ اور دیگر ملازمین کے روزگار کو بند کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ پیف سکولز شاندار نتائج دے رہے ہیں۔ اسکے باوجود ان سکولز کے ساتھ وزیر تعلیم سازشیں کر رہے ہیں۔