خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کھولنے کا اقدام قابل مسرت ہے،اعجاز ہاشمی

  خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کھولنے کا اقدام قابل مسرت ہے،اعجاز ہاشمی

  

لاہور (سٹی رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیراعجاز احمد ہاشمی نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کو نمازیوں کے لیے کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگے کہ کیوں اللہ تعالیٰ نے اپنا اور اپنے محبوب کے گھر کے دروازے ہم پر بند کر دئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وبا ہے، اس سے احتیاط ضروری ہے مگر اس کی آڑ میں مذہبی پروگراموں پر پابندی عائد نہ کی جائے۔معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے مارکیٹیں، بازاراور ٹرانسپورٹ بھی کھول دی گئی ہیں۔

حکومت ان مقامات پرکورونا سے بچاو کی طے شدہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروائے۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ اور تاجر تنظیموں سے پوچھا جائے کہ وہ عمل درآمد کروانے میں ناکام کیوں ہیں؟میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں پیر اعجاز ہاشمی نے زوردیا کہ عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور انتظامیہ عملدرآمد کروائے، افسوسناک بات یہ بھی ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی کچھ خود ساختہ دانشور اور ماہرین ایسی باتیں پھیلارہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور ان غیر مصدقہ باتوں کی وجہ سے ایک بڑا طبقہ وائرس کی موجود گی سے ہی نہ صرف انکاری ہے بلکہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد بھی نہیں کررہا۔انہوں نے کہا کہ عوام ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور لاک ڈاؤن میں نرمی کا ذمہ داری کے ساتھ فائدہ اٹھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل وکرم سے یہ بات قابل اطمینان ہے کہ باقی ممالک کی نسبت وطن عزیز میں کورونا وائرس کے متاثرین اوراس وباسے جان بحق ہونے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ جس پر ہمیں بحیثیت قوم اللہ تعالی کا شکرگزار ہونا چاہیے اور اس سے نجات کی دعا کرنی چاہیے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -