فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانا حکومت کی ترجیح: عثمان بزدار

      فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانا حکومت کی ترجیح: عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کاشتکاروں کی فصلوں کو ٹڈی دل سے بچاناہماری ترجیح ہے، ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے تمام تر ممکنہ ا قدامات بروئے کارلائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یارخا ن،روجھان، بونگ، صادق آباد، کوٹ سبزل سمیت مختلف علاقوں کے فضائی دورہ کرکے دوران ٹڈی دل کی صورتحال کاجائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کی مہم کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کرچکے ہیں لہٰذا فصلوں کو بچانے کیلئے جراثیم کش سپرے کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کیساتھ ساتھ مستقبل میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے سے فصلوں کو بچانے کے لئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شہروں میں کو رونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بازاروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیااورایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز شہریوں کے تحفظ کے لیے ہیں اورعملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ نے صورتحال کاجائزہ لے کر ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ضروری ہدایات دیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں اراکین پنجاب اسمبلی اورتحریک انصاف کے عہدیداروں نے ملاقات کی،جس میں کورونا وباء اورٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ جنوبی پنجاب میں فلاح عامہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری کی منظوری دے دی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کا تقرر جلد کردیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں سمیع اللہ چوہدری،سید افتخار گیلانی،احسان الحق چوہدری،اصغر جوئیہ،احمد عثمان چنڑ، سمیرا ملک اوردیگرشامل تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے روجھان مزاری میری بنگلہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا خیر مقدم کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میری بنگلہ میں دیوان خاص کا دور ہ بھی کیا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے میری بنگلہ کے قدیم طرز تعمیر میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ دوست محمد مزاری نے وزیراعلیٰ کو تاریخی اور نایاب تصاویر کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میری بنگلہ میں معززین اور عمائدین سے ملاقات کی۔ملاقات میں ارکان اسمبلی،مشیر حنیف پتافی، رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد علی دریشک اور دیگر بھی موجود تھے۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -