کورونا نے سب بدل دیا،مشکل فیصلے کرنا پڑینگے، شبلی فراز

  کورونا نے سب بدل دیا،مشکل فیصلے کرنا پڑینگے، شبلی فراز

  

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا نے پوری دنیا کو تبدیل کردیا، موجودہ حالات میں ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، سٹیل ملز کی نجکاری ملک کے فائدے میں ہے، حکومت ملازمین کو نکال کرسڑکوں پر نہیں پھینکے گی، ہم سٹیل ملز ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینگے، اپوزیشن میں نجکاری کے حوالے سے جو باتیں کیں ان کو چھوڑ دیں، پانچ سال پہلے حالات اور تھے اب کورونا وائرس کے بعد حالات مکمل تبدیل ہو چکے ہیں، جسٹس فائز عیسیٰ کیس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، کیس کو واپس لینے یا نہ لینے کے حوالے سے فروغ نسیم یا شہزاد اکبر ہی بتا سکتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا،ماضی میں کوئی بھی حکومت سٹیل ملز سمیت کسی بھی اہم ادارے کو منافع بخش نہیں بنا سکی، بے انتہا سیاسی بھرتیاں کی گئیں اور کرپشن بھی بہت زیادہ کی گئی جس سے خسارہ 1.3کھرب سے بھی اوپر چلا گیا۔ اب دو طریقے ہیں کہ جس طرح سٹیل ملز چل رہی ہے اسی طرح چلائیں یا پھر اس کی بہتری کے لئے ہم اس کی نجکاری کردیں۔ ہمارا سیاسی مقصد یہ ہے کہ ادارے ہمارے لئے نقصان کا باعث نہ بنیں اگر سٹیل ملز منافع نہیں دے سکتی تو نقصان بھی نہ کرے۔ اس لئے اب یہ طے پایا کہ ہم سٹیل ملز کو چلائیں اور منافع میں لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ حکومت سے باہر ہوتے ہیں تو کئی چیزوں تک آپ کو رسائی نہیں ہوتی ہے اور موجودہ حالات میں اگر کورونا وائرس نہ آتا تو شاید سٹیل ملز کے حوالے سے ہم کوئی اور فیصلہ کرتے، موجودہ حالات میں ہماری معیشت کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں اور ان حالات میں اگر کوئی ادارہ ہمیں کما کر نہیں دیتا تو کم از کم وہ نقصان میں تو نہ چلے۔ یہ ملک اس طرح اب نہیں چل سکتا جس طرح کوروناسے پہلے چل رہا تھا، ہم نے تقریروں اور کنٹینرز پر کیا کہا تھا، ان باتوں پر اب بحث نہیں کرسکتے کیونکہ کورونا نے تمام دنیا کی تمام معیشتوں کو تباہ کردیا ہے پاکستان کو بھی شدید نقصان ہو رہا ہے۔ اہم ایسے حالات میں پھنس گئے ہیں کہ ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ حکومت کو بزنس میں نہیں ہونا چاہیے کیونکہ حکومت ادارے نہیں چلا سکتی۔ ن لیگ والے نجکاری کرنے کے معاملے میں سنجیدہ نہیں تھے اگر ہوتے وہو سٹیل ملز کو پرائیوٹائز کردیتے، اداروں کی نجکاری اچھا قدم ہے جو ہم نے اٹھالیا ہے اس کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

شبلی فراز

مزید :

صفحہ اول -