کورونا وائرسے بچاؤ صنعتی یونٹس احتیاطی تدابیر پر عمل کریں: فیڈ مک

کورونا وائرسے بچاؤ صنعتی یونٹس احتیاطی تدابیر پر عمل کریں: فیڈ مک

  

اسلام آباد (اے پی پی) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فیڈمک میں کام کرنے والے تمام صنعتی یونٹس کو کورونا وائرس کے خلاف تمام احتیاطی اقدامات پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے صنعتی اداروں کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے خلاف مختلف ممکنہ حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ جمعہ کو فیڈمک کے آپریشنل انڈسٹریل یونٹس کی اعلیٰ انتظامیہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صعنتی اداروں کو وفاقی اور پنجاب حکومت کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں داخلہ کے وقت ہر ملازم کے جسم کا درجہ حرارت تھرمل سینسرز سے چیک کیا جائے، ملازمین کو ہاتھ ملانے سے اجتناب کی ہدایت کی جائے اور سینیٹائزر کے ساتھ ہاتھ صاف کرنے، بائیو میٹرک کی بجائے کارڈ کے ذریعے حاضری لگانے، کام کی جگہ پر ہر کارکن کے درمیان مناسب فاصلہ، کینٹین پر بھی سماجی فاصلہ کے علاوہ سامان لانے اور لے جانے والی ٹرالیوں کی جراثیم کش محلول سے صفائی، ٹرالیوں میں گنجائش سے کم سامان رکھنے کے ساتھ ساتھ انڈسٹریل سپرے کے اقدامات کویقینی بنایا جائے۔ وزیر اعطم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی زندگیوں کے تحفط کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرری ہیں اور عوام پر بھی زور دے رہی ہیں کہ وہ احتیاطی تدابیر پر رمل کریں اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام اور میڈیا مل کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ مؤثر انداز لڑ سکتے ہں۔ میاں کاشف نے مزید کہا کہ فیڈمک کے ہیڈ آفس میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے تاکہ ملازمین کو کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور ہدایات کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ان کو کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے خصوصی مہم بھی چلا رہے ہیں تاکہ انہیں بتایا جا سکے کہ صفائی سھترائی اور سماجی فاصلے کے ذریعے کیسے وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ کورونا وائرس ترقی یافتہ ممالک میں بھی پھیل چکا ہے اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے 97 فیصد متاثرہ مریضوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہر پاکستانی نہ صرف اپنے آپ کو بچائے بلکہ ایک قومی فرض سمجھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے ذریعے دوسروں کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدا تعالیٰ کے کرم سے اب تک صورتحال قابو میں ہے لیکن ہمیں کسی بھی مشکل صورتحال سے بچنے کے لئے تیار رہنا ہو گا۔

مزید :

کامرس -