مارکیٹوں میں ایس او پیز کے مطابق عملدرآمد کروارہے ہیں: انجمن تاجران
لاہور(لیڈی رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے پر حکومت کاروباربند کرانے کی بجائے ایس او پیز پر عملدرآمدکے حوالے سے موثر اقدامات اورتشہیر کرے،کیا ہماری معیشت اور غربت کی لکیر پر زندگی بسر کرنے والے کروڑوں لوگ کاروبار بندہونے کے متحمل ہو سکتے ہیں،تاجر طبقہ پہلے ہی مشکلات کا شکارہے اوراگر اب کاروبار بندکیا گیا تو اس میں دوبارہ کاروبار شروع کرنے کی سکت باقی نہیں رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کے عہدیداروں نے شرکت کی اور اپنی تجاویز دیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر طبقہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی بھرپور کوشش کررہا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمدکرنے کاپابند کرے، ہم واضح کہہ چکے ہیں کہ جہاں بھی کوئی تاجر خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے اس کے خلاف کارروائی کی جائے ہم اس عمل میں حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن ساری مارکیٹ یا بازار کو سیل کر دینا کوئی حل نہیں اس سے انتشار کا ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت بتائے کیا ساراملک بند کر کے کورونا وائرس پر قابو پا یا جا سکتا ہے؟،اس لئے کورونا وائرس کے حوالے سے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی بجائے آگاہی پیدا کی جائے تاکہ لوگ احتیاط کریں۔حکومت کو کورونا وائرس کی موجودگی میں معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کی ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔