ملک کے 47 اضلاع میں ٹڈی دل موجود،ترجمان این ڈی ایم اے

  ملک کے 47 اضلاع میں ٹڈی دل موجود،ترجمان این ڈی ایم اے

  

اسلام آباد (آئی این پی) ترجمان این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک کے 47 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ اس وقت بلوچستان کے 33، خیبر پختونخواہ 9، پنجاب 3 اور سندھ کے 2 اضلاع متاثر ہیں جن میں بلوچستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشوک، کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک،شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، پشاور اور خیبر کے اضلاع متاثرین میں شامل ہیں۔پنجاب میں بھکر، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی میں ٹڈی دل موجود ہے۔سندھ میں نوشہرو فیروز اور شہید بے نظیر آباد میں ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں۔ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 1125 ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 57 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔ 24 گھنٹوں میں 3600 ہیکٹر رقبہ کا ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا سپرے کیا گیا۔ بلوچستان میں 2400 ہیکٹر رقبہ پرسپرے کیا گیا۔پنجاب میں 200 ہیکٹر پر سپرے کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں 700 ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی۔سندھ میں گذشتہ روز 300 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 15 ہزار 600 ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔

این ڈی ایم اے

مزید :

صفحہ آخر -