عوا م کورونا کو سنجیدگی سے لیں،مشکل وقت میں اپوزیشن نے منفی کردار ادا کیا

  عوا م کورونا کو سنجیدگی سے لیں،مشکل وقت میں اپوزیشن نے منفی کردار ادا کیا

  

لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس کو انتہائی سنجیدگی سے لیں اور اس سے بچاؤ کیلئے مرتب کردہ ایس او پیز پر ہر صورت عمل کریں، حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے، مشکل کی گھڑی میں اپوزیشن نے جس طرح کا منفی کردار ادا کیا قوم اسے کبھی نہیں بھولے گی،مسلم لیگ(ن) کی قیادت اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ حالیہ دنوں میں اس میں تیزی آئی ہے، عوام اگر احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا نہیں ہوں گے تو صحت کے نظام اور فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے پر مزید بوجھ بڑھے گا جس کے ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اپوزیشن نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے کورونا وائرس کی وباء کے دوران اتحاد کی بجائے نفاق پیدا کیا جو قابل مذمت ہے، شہباز شریف لندن سے کورونا سے لڑنے نہیں بلکہ آنکھوں میں خواب سجا کر آئے تھے لیکن ان کی سب تدبیریں الٹ ہوگئیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے عملی اقدامات شروع کر دئیے ہیں، آئندہ ماہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کا تقرر کر دیا جائے گا اور اس کے بعد مزید پیشرفت بھی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کھلی آنکھوں سے وسط مدتی انتخابات کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

مسرت جمشیدچیمہ

مزید :

صفحہ آخر -