آتشزدگی سے کیٹل فارمرز مالی بحران کا شکار ہیں،محمد فیصل

آتشزدگی سے کیٹل فارمرز مالی بحران کا شکار ہیں،محمد فیصل

  

کراچی (این این آئی)کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے بھینس کالونی کے علاقے میں باڑوں میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کروڑوں روپے کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرین کی مالی امداد کرے۔جمعہ کو جاری بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ بھینس کالونی میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں باڑہ مالکان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ فارمرز کے مطابق آگ لگنے سے ڈھائی سو کے قریب باڑے جل گئے ہیں جبکہ متعد د بھینسیں بھی مرگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کیٹل فارمرزکا شہر میں بلارکاوٹ دودھ اور گوشت کی فراہمی میں اہم کردار ہے۔اس بھاری نقصان کی وجہ سے وہ شدید مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آگ پر فوری قابو نہ پانے کے حوالے سے بھی بہت سے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔باڑہ مالکان اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے اور فائر بریگیڈ تاخیر سے علاقے میں پہنچی جس کی وجہ سے نقصان میں اضافہ ہوا،سرجانی بھینس کالونی میں ہونیوالی تباہی کی ذمہ دار انتظامیہ ہے۔انہوں نے کہاکہ متاثرین کی کل کائنات جل کر راکھ ہوچکی ہے۔حکومت فوری طور پر متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے۔

مزید :

صفحہ آخر -