وبائی صورتحال میں اوورسیز پاکستانیوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں‘ فائزہ رشید

وبائی صورتحال میں اوورسیز پاکستانیوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں‘ فائزہ رشید

  

پشاور(سٹی رپورٹر) کورونا وائرس کی وجہ سے اورسیز پاکستانی شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت کو اپنی رعایا کی پریشانیوں اور مصیبتوں کا کوئی ادراک نہیں۔ان خیالات کا اظہار قومی وطن پارٹی کی مرکزی رہنماء و سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فائزہ رشید نے عرب و خلیجی ممالک میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث اورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کے حوالے سے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں جب بھی کوئی مصیبت و مشکلات آتی ہے تو اورسیز پاکستانی اپنے وطن عزیز کے عوام کی بڑھ چڑھ خدمت اور مالی مدد کرنے سمیت ملکی معیشت کو سہارا دیتے ہیں تاہم ریاست مدینہ کا پرچار کرنے والے نام نہاد لیڈر کی آواز پر سب سے زیادہ لبیک انہی اورسیز پاکستانیوں نے کہی ہے لیکن جب ان ہی مخلص اور وفادار پاکستانیوں پر کورونا وائرس کی وجہ سے برا وقت آیا تو نا تو حکومتی اداروں، نا وزارت خارجہ اور نا ہی حکومتی ایما پر سفارت خانوں نے ان کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بیرون ممالک میں مقیم محب وطن پاکستانیوں کی کوئی مدد کی جو جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان جب بھی چیریٹی کیلئے کسی تقریب کا انعقاد کرتے ہیں تو اس میں سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں کا ہوتا ہے جو کسی سے پوشیدہ نہیں مگر نا اہل حکمرانوں کی جانب سے ان کو مسائل کی دلدل میں مزید دھکیلنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ ان کے قول اورفعل میں زمین اور آسمان کا تضاد ہے کیونکہ یہ کہتے کچھ اور کرتے کچھ اور ہیں۔ ڈاکٹر فائزہ رشید نے مزید کہا کہ اب عوام بھی ان کے فریبی نعروں میں نہیں آنے والے ہیں اور وہ جان گئے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف صرف سیاسی نعروں پر یقین کرتی ہے جبکہ عملی طور پر کام کرنے سے گریزاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا ملک سے صفایا ہو جائیگا کیونکہ موجودہ حکومت نے جس طریقے سے عوام کو ذلیل و خوار کیا اس کی مثال سابقہ ادوار میں نہیں ملتی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -