سنتھیا رچی کو دراصل امریکہ سے کون لایا؟ کس نے سیاستدانوں تک پہنچایا؟ تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آگیا

سنتھیا رچی کو دراصل امریکہ سے کون لایا؟ کس نے سیاستدانوں تک پہنچایا؟ تہلکہ ...
سنتھیا رچی کو دراصل امریکہ سے کون لایا؟ کس نے سیاستدانوں تک پہنچایا؟ تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آگیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) امریکی خاتون بلاگر سنتھیا رچی ان دنوں پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے خلاف مہم کی وجہ سے خبروں میں ہیں لیکن سوال اٹھتا ہے کہ  دراصل اسے پاکستان کون لایا اور سیاستدانوں تک پہنچایا؟اب اس سلسلے میں تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آگیا۔

ٹوئٹر پر خالد منیر نامی صارف نے سوال اٹھایا  کہ "سنتھیا پر سب ہی ہاتھ صاف کر چکے ہیں۔ آج کل کون کر رہا ہے؟"

ان کے اس سوال پر ڈاکٹر جمشید خٹک نےدعویٰ کیا کہ "میں نےکچھ عرصہ قبل سنتھیا ڈی رچی پر بات کی لیکن ان کا نام کبھی نہیں لیا، وہ اعظم سواتی کے قریب تھی جو انہیں یہاں لائے ، وہ انہیں وہاں لائے اور پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اپنے کابینہ کے ساتھیوں سے متعارف کروایا، مخدوم شہاب الدین تک پہنچایا گیا جو انہیں وزیراعظم تک لے کر گئے"۔

یاد رہے کہ خاتون بلاگر گزشتہ کئی دنوں سے پیپلزپارٹی سندھ کے رہنمائوں کی نجی تصاویر شیئرکررہی تھیں اور گزشتہ روز انہوں نے سابق وزیرداخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی ، مخدوم شہاب الدین اور سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی پر جسمانی طورپر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا، ان الزامات کو یوسف رضا گیلانی اور رحمان ملک دونوں ہی مسترد کرچکے ہیں۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بعد میں اعظم خان سواتی جے یوآئی کا حصہ اور سینٰٹر تھے لیکن بعد میں اپنی پارٹی  کو خیر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شامل ہوگئے تھے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے الزامات کو گھٹیا قرار دیکر کر مسترد کر دیا۔پاکستان میں مقیم امریکی خاتون سنتھیا رچی کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی تھی۔الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ان گھٹیا الزامات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے عہدے کا آدمی ایوان صدر میں کیا ایسی حرکت کر سکتا ہے؟ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خاتون نے شہید بے نظیر بھٹو پر بھی عجیب و غریب الزامات لگائے، اس معاملے پر میرے بیٹوں نے عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کے الزامات اسی کا رد عمل ہیں لیکن قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

ادھر نجی ٹی وی جی این این کے مطابق ترجمان سینیٹر رحمان ملک نے کہاہے کہ سینیٹر رحمان ملک نے یوسف رضا گیلانی کے بیان کی مکمل تائید کی ہے ،رحمان ملک نے سنتھیارچی کے لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ،ترجمان کاکہناہے کہ رحمان ملک نے امریکی خاتون کے من گھڑت اور نازیباالزامات کی سختی سے تردید کی ۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک کے ترجمان نے کہاہے کہ امریکی خاتون نے رحمان ملک کیخلاف نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے،رحمان ملک نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور وقار کیلئے آواز بلند کی اور لڑتے رہے ہیں ۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -