تماشائیوں کے بغیر ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد ہونا چاہئے یا نہیں؟ وسیم اکرم نے حیران کن مشورہ دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا کے سائے میں کرکٹ کی بحالی پر سوال اٹھنے لگے اور پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان وسیم اکرم نے رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کرانے میں جلدبازی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر کسی بھی عالمی ایونٹ کا انعقاد معقول بات نہیں لگتی۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20ورلڈکپ رواں سال اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے تاہم اسے ملتوی کئے جانے کا قوی امکان نظر آ رہا ہے، 28مئی کو اجلاس میں میگا ایونٹ کے حوالے سے فیصلہ موخر کردیا گیا تھا جو اب 10جون کو متوقع ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی ورلڈکپ کرانے میں کسی جلد بازی سے کام لینے کے حق میں نہیں جن کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو کورونا وائرس کا پھیلاﺅ رکنے کا انتظار کرنا چاہئے۔
ایک انٹرویو میں سابق پاکستانی کپتان نے کہاکہ تماشائیوں کے بغیر کسی بھی عالمی ایونٹ کا انعقاد کوئی معقول بات نہیں لگتی،دنیا بھر سے آنے والے پرجوش شائقین سے بھرے ہوئے سٹیڈیمز کسی بھی ورلڈکپ کا اصل حسن ہوتے ہیں اور عالمی ایونٹ کے مقابلوں کیلئے جو ماحول درکار ہوتا ہے وہ بند دروازوں کے پیچھے میچز میں دیکھنے کو نہیں مل سکتا۔میرے خیال میں آئی سی سی کو کورونا وائرس کا پھیلاﺅ رکنے کا انتظار کرنا چاہیے، لاک ڈاﺅن اور سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد مناسب وقت پر بھرپور انداز میں ورلڈکپ کا میلہ سجانا مناسب ہو گا۔
ایک سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ گیند پر تھوک کا استعمال روکنے سے باﺅلرز کی کارکردگی متاثر ہو گی، صرف پسینہ استعمال کرنے سے بات نہیں بن سکتی، اس سے گیند ضرورت سے زیادہ گیلی ہو جائے گی، آئی سی سی کو اس مسئلے کا کوئی فوری حل نکالنا ہوگا، یاد رہے کہ ویکس کے استعمال سمیت مختلف تجاویز سامنے آ رہی ہیں لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔