”کرکٹ بحالی کیلئے آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کھلاڑیوں کیلئے کڑا امتحان ہیں کیونکہ۔۔۔“ کمار سنگاکارا نے ایسی بات کہہ دی کہ کھلاڑی بھی تشویش میں مبتلا ہو جائیں

”کرکٹ بحالی کیلئے آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کھلاڑیوں کیلئے کڑا امتحان ہیں ...
”کرکٹ بحالی کیلئے آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کھلاڑیوں کیلئے کڑا امتحان ہیں کیونکہ۔۔۔“ کمار سنگاکارا نے ایسی بات کہہ دی کہ کھلاڑی بھی تشویش میں مبتلا ہو جائیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے کرکٹ کی بحالی کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی گائیڈ لائنز کو کھلاڑیوں کیلئے ایک کڑا امتحان قرار دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمار سنگا کارا نے کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کو کھلاڑیوں کیلئے ایک کڑا امتحان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک سوشل گیم ہے، کھلاڑی ڈریسنگ روم میں ایک ساتھ ہوتے اور بات چیت کرتے ہیں،ان یہ بہت مشکل ہو گا کہ میدان میں اتریں، سماجی فاصلے سمیت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کھیلیں اور سیدھے واپس ہوٹل میں چلے جائیں، کوئی وارم اپ اور آپس میں رابطے نہیں بلکہ صرف کرکٹ ہو، دیکھنا ہوگا کہ کھلاڑی اس مشکل چیلنج سے کس طرح نبرد آزما ہوتے ہیں۔سنگا کارا نے کہا کہ فاسٹ باﺅلر ہوں یا سپنرز بچپن سے ہی گیند کو چمکانے کیلئے تھوک کا استعمال کرنے کے عادی ہوتے ہیں، ان کیلئے بھی اس عادت سے پیچھا چھڑانا مشکل ہوگا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور سری لنکا کے کرکٹرز انٹرنیشنل میچز کی تیاری کیلئے ٹریننگ کا آغاز کرچکے ہیں، دوسری جانب پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) دورہ انگلینڈ کی تیاری کیلئے کیمپ شروع کرنے کے معاملے میں تذبذب کا شکار ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ویسٹ انڈیز اور بعد ازاں پاکستان سے سیریز کی میزبانی کیلئے بائیوسیکیور ماحول کی پلاننگ بھی کر لی ہے اور ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے لیکن حتمی فیصلہ برطانوی حکومت کوکرنا ہے،موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر کئی سوالیہ نشان اب بھی موجود ہیں۔

مزید :

کھیل -