”میرا ایک ہی ٹارگٹ ہے“ ثقلین مشتاق نے شاندار اعلان کر دیا

”میرا ایک ہی ٹارگٹ ہے“ ثقلین مشتاق نے شاندار اعلان کر دیا
”میرا ایک ہی ٹارگٹ ہے“ ثقلین مشتاق نے شاندار اعلان کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہیڈ آف انٹر نیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ میرا ٹارگٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ نمبر ون بنانا اور غلبہ دلانا ہے اور اس کیلئے ہائی پرفارمنس سنٹر اور کوچز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور اب ہائی پرفارمنس سنٹر میں تبدیل ہو چکی ہے جس کے ڈائریکٹر ندیم خان ہیں جبکہ سابق آف سپنر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق ہیڈ آف انٹر نیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ اور گرانٹ بریڈ برن کو ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ مقرر کیا گیا ہے۔

ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کے ساتھ جڑنا عزت کی بات ہے، جب چھوٹے تھے تو ہر وقت یہی ایک جذبہ ہوتا تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا ہے اور پاکستان کیلئے خدمات انجام دینی ہیں، اب ایک بار پھر وہی جذبہ ہے کہ گراؤنڈ کے اندر آنا ہے، یہ موقع ملا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ میں خوش قسمت ہوں کہ دوبارہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ جڑا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پلیئر ڈویلپمنٹ کیلئے ایک اچھا ویژن بنایا گیا ہے، گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو لانا ہے اور پہلے سے اوپر موجود کھلاڑیوں کو نکھارنا ہے۔کھلاڑیوں کو ورلڈ کلاس کیٹیگری میں لانا اور انہیں برانڈ میں تبدیل کرنا ہے تاکہ پاکستان ٹیم ورلڈ نمبر ون بنے اور اس کا د نیائے کرکٹ پر غلبہ ہو، یہی ہمارا ٹارگٹ ہے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ کسی شعبے کو مس نہیں کیا جائے گا، بیٹسمین، فاسٹ باؤلرز، سپنر، وکٹ کیپرز اور آل راؤنڈرز پر کام کیا جائے گا اور دل و جان سے کام کیا جائے گا۔ سب کا ایک ہی کام ہے اس لئے ہم سب کو ایک پیچ پر اور ایک سوچ کے ساتھ کام کرنا ہو گا، پہلے ہمیں ورلڈ کلاس کی چٹ دی گئی تھی، اب ہم نے نوجوانوں کو تیار کر کے ورلڈ کلاس کی چٹ انہیں دینا ہے اور اس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔

مزید :

کھیل -