جب نیب نے چھاپہ مارا تو شہباز شریف گھر میں کہا ں چھپے بیٹھے تھے ؟شیخ رشید نے حیران کن دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پولیس پیچھے لگی ہو تو سیاستدان خود گرفتاری دے دیتے ہیں لیکن شہباز شریف نیب کے چھاپے کے وقت گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے بیٹھے تھے۔شیخ رشید کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ شہبازشریف پچ کے دونوں طرف کھیلنے کے عادی ہیں، ان کا کیس سنجیدہ ہے اور انہیں جیل جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مفاہمتی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور عمران خان کو کوئی دلچسپی نہیں، نیب چھاپے کے دوران شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے بیٹھے تھے، یہ کیا لیڈر شپ دیں گے؟ یہ نالائق، نااہل، نکھٹو اور بزدل ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں دیکھ رہا، اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا میڈیا کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی رپورٹوں پر کچھ ریگ مال ضرور پھیرا گیا ہے، لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ جو چلاگیا، چلا گیا، جان چھڑاو۔انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے، ان کی کمپنی پر ریجیکٹڈ کا ٹھپہ لگ رہا ہے،کیسز کے انبار لگے ہوئے ہیں، یہ خاندان چینی اسکینڈل میں بھی نہیں بچے گا۔